اسلام آباد، 25 نومبر: ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کی منصفانہ منتقلی کو محض قابلِ تجدید توانائی میں اضافے تک محدود نہیں رکھا جا سکتا، بلکہ بجلی کی قیمتوں کو قابلِ برداشت بنانے، مالی پائیداری، صنعتی مسابقت اور عام صارف تک فوائد کی منصفانہ رسائی جیسے بنیادی مسائل کو بھی ساتھ ساتھ حل کرنا ہوگا۔
یہ نکات انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس)، اسلام آباد کے زیر اہتمام “پاکستان میں توانائی کی منصفانہ منتقلی: فوری ترجیحات اور طویل المدتی اقدامات” کے عنوان سے منعقدہ گول میز مذاکرے میں سامنے آئے۔ مذاکرے میں پالیسی سازوں، توانائی ماہرین، صنعت کے نمائندوں اور محققین نے شرکت کی۔
شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی کے شعبے کے مسائل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے ان کا حل بھی جزوی نہیں بلکہ جامع اور مربوط ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق فوری نوعیت کے مسائل کے ساتھ ایک ایسا طویل المدتی روڈ میپ بھی ضروری ہے جو توانائی کے مستقبل کو منصفانہ، جامع اور پائیدار بنا سکے۔
مقررین میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے رکن ریحان جاوید، پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ کے جوائنٹ ڈائریکٹر محمد عمر خان، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی ریسرچ اکانومسٹ ڈاکٹر روبینہ الیاس، سی پی پی اے کے بورڈ آف گورنرز کی رکن امینہ سہیل اور آئی پی ایس کے چیئرمین خالد رحمٰن شامل تھے۔ مباحثے میں انرجی پلاننگ کمیشن کے سابق رکن شاہد ایم ستار، آئیسکو کے سابق سی ای او شاہد اقبال، سینئر توانائی ماہر اسد محمود، پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین وقاص ہارون موسیٰ، پاور جنریشن کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ڈائریکٹر فنانشل پلاننگ خواجہ حسن عمر، نیشنل گرڈ کمپنی کے توصیف الرحمٰن، ڈاکٹر شاکر علی اور کلائمیٹ فنانس کے سینئر مشیر ذوالفقار یونس نے بھی اظہارِ خیال کیا۔
ریحان جاوید نے صنعتی مسابقت کو صارفین کے لیے قابلِ برداشت بجلی سے منسلک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلند بجلی نرخ، کیپیسٹی پیمنٹس اور موجودہ پیداواری صلاحیت کا کم استعمال مسلسل چیلنج بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو گرڈ سے جوڑے رکھنے کے لیے صنعتی ٹیرف کو لاگت کا عکاس بنانا، موجودہ صلاحیت کا بہتر استعمال اور ٹرانسمیشن پلاننگ کو بہتر کرنا ضروری ہے۔
محمد عمر خان نے توانائی کی خریداری اور پیداوار کے نظام پر بات کرتے ہوئے کم لاگت منصوبہ بندی، مسابقتی خریداری، شفاف معاہدوں اور خطرات کی مناسب تقسیم پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپیٹیٹو ٹریڈنگ بائی لیٹرل کنٹریکٹ مارکیٹ سمیت مارکیٹ اصلاحات خریداری کے عمل میں نظم و ضبط لا سکتی ہیں، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر سکتی ہیں اور بجلی کے شعبے کی غیر مؤثریت کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔
ڈاکٹر روبینہ الیاس نے گھریلو صارفین کے حوالے سے کہا کہ توانائی کی منتقلی میں شامل ہونے کی صلاحیت ہر گھرانے میں یکساں نہیں۔ ان کے مطابق اپنے مکان کے مالک چھت پر سولر لگا سکتے ہیں، مگر کرایہ دار اور مشترکہ میٹر استعمال کرنے والے گھرانے عموماً اس سہولت سے محروم رہتے ہیں۔ انہوں نے کمزور صارفین کے لیے ہدفی معاونت، ٹیرف کے اثرات کا شفاف جائزہ، ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری، انرجی اسٹوریج اور مشترکہ سولر انتظامات جیسے اقدامات کو ضروری قرار دیا۔
امینہ سہیل نے کہا کہ بجلی کے شعبے کے مسائل کو اکثر الگ الگ دیکھ کر حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں نئے مسائل جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شعبے کو مجموعی تناظر میں دیکھا جائے اور اصلاحات میں تاخیر کا باعث بننے والے ادارہ جاتی اور ریگولیٹری اختلافات کو دور کیا جائے۔
شاہد ایم ستار نے کہا کہ توانائی منتقلی کے اثرات کو گھرانوں، صنعتی کارکنوں اور توانائی منصوبوں کی میزبان کمیونٹیز کے تناظر میں بھی دیکھنا ہوگا۔ ٹیرف کے معاملے پر وقاص ہارون موسیٰ نے دن کے درمیانی اوقات کے لیے ٹیرف فریم ورک کی تجویز دی، تاکہ شمسی پیداوار کے عروج کے وقت بجلی کے استعمال کی حوصلہ افزائی ہو اور ڈسکوز کی آمدن بھی غیر متاثر رہے۔
شاہد اقبال نے خبردار کیا کہ ڈسکوز کی آمدن کے مسائل کو بنیادی طور پر نیٹ میٹرنگ سے جوڑنا درست نہیں۔ انہوں نے کمزور بل ریکوری اور بل ادا نہ کرنے والے صارفین کو اہم عوامل قرار دیا۔ توصیف الرحمٰن نے کہا کہ سولر کے پھیلاؤ اور بیٹری اسٹوریج کے باعث کھپت کے رجحانات بدل رہے ہیں اور زیادہ طلب رات کے اوقات کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔ ڈاکٹر شاکر علی نے ہوا سے بجلی پیدا کرنے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت اجاگر کی، جبکہ خواجہ حسن عمر نے قابلِ تجدید توانائی کی ترقی اور مارکیٹ اصلاحات تیز کرنے پر زور دیا۔
اسد محمود نے کہا کہ توانائی منتقلی کی پالیسیوں میں سماجی و معاشی فرق کو لازماً سامنے رکھا جائے، کیونکہ تمام صارفین قابلِ تجدید ٹیکنالوجیز خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سولر صارفین کا گرڈ پر انحصار برقرار ہے، اس لیے لوڈ شفٹنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کی ضرورت ہوگی۔ ذوالفقار یونس نے کہا کہ پاکستان کو این ڈی سی 2025 کے وعدوں پر عمل درآمد کے ساتھ کثیر الجہتی فنڈز، گرین کلائمیٹ فنڈ اور کاربن مارکیٹوں کے ذریعے گرین فنانس متحرک کرنا چاہیے۔
اختتامی کلمات میں خالد رحمٰن نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں ماضی کی کئی مداخلتیں سابقہ فیصلوں کے نتائج کو درست کرنے کی کوشش رہیں، مگر بعض اوقات ان سے نئے چیلنج بھی پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ شعبے کا جامع جائزہ لے کر فوری اور طویل المدتی اقدامات پر مشتمل مربوط حکمتِ عملی تیار کرنا وقت کی ضرورت ہے، تاکہ پاکستان کا توانائی مستقبل منصفانہ، جامع اور پائیدار بن سکے۔
