ایرڈ یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے کوریا کی 25 میرٹ اسکالرشپس مختص

newsdesk
3 Min Read
پی ایم اے ایس۔ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں اسٹوڈنٹ ویک 2026 کے دوران گلوبل کوریا اسکالرشپ 2027 سے متعلق سیمینار منعقد ہوا۔

راولپنڈی: پی ایم اے ایس۔ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں اسٹوڈنٹ ویک 2026 کے تیسرے روز مختلف تعلیمی، تحقیقی اور ہم نصابی پروگرام منعقد کیے گئے۔ اس موقع پر فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام گلوبل کوریا اسکالرشپ 2027 سے متعلق بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار میں جمہوریہ کوریا کے سفیر جناب ہان سنگ ہو مہمان خصوصی تھے جبکہ چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔ سیمینار کا عنوان ’’پاتھ ویز ٹو ہائر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ‘‘ تھا، جس میں طلبہ کو جنوبی کوریا میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے مواقع کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔

کورین سفیر نے گلوبل کوریا اسکالرشپ پروگرام کے حوالے سے شرکا کو تفصیلات سے آگاہ کیا اور اعلان کیا کہ پی ایم اے ایس۔ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے طلبہ کے لیے میرٹ کی بنیاد پر 25 خصوصی اسکالرشپس مختص کی گئی ہیں۔ انہوں نے معلوماتی اسٹوڈنٹ ویک کے انعقاد پر یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کو طلبہ کی ترقی کے لیے ان کی قیادت اور عزم پر مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا کہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن، حکومت پنجاب کے مکمل تعاون سے اسکالرشپ کے مواقع میں اضافے اور صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ پاکستان کے مستقبل کا بنیادی ستون ہیں اور ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔

اسٹوڈنٹ ویک کے تیسرے روز ایک اور علمی سرگرمی کے طور پر فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے زیر اہتمام ’’امپروونگ اینیمل ہیلتھ تھرو گٹ آپٹمائزیشن‘‘ کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا، جس میں جانوروں کی صحت اور لائیوسٹاک پیداواری صلاحیت میں بہتری کے لیے جدید سائنسی طریقوں کو اجاگر کیا گیا۔

انسٹیٹیوٹ آف جیو انفارمیشن اینڈ ارتھ آبزرویشن نے بھی ’’ایپلیکیشن آف جیو اسپیشل ٹیکنالوجیز اِن فوڈ سکیورٹی اینڈ کلائمیٹ چینج‘‘ کے عنوان سے تکنیکی سیمینار منعقد کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی راجہ حنیف نے اس سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور زرعی و ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اسی روز جاب فیئر، آئی ٹی نمائش اور فوڈ نمائش کا بھی افتتاح کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو روزگار کے امکانات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اپنی تکنیکی، تخلیقی اور کاروباری صلاحیتیں پیش کرنے کا موقع ملا۔

مختلف نوعیت کی ان سرگرمیوں نے پی ایم اے ایس۔ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے تعلیمی معیار، بین الاقوامی تعاون، جدت اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے عزم کی عکاسی کی۔

Share This Article