پاک چین ادارہ جاتی روابط کے فروغ کے لیے آئی ایس ایس آئی کے وفد کا دورہ چین

newsdesk
4 Min Read
آئی ایس ایس آئی کے زیر قیادت 12 رکنی تھنک ٹینک اور میڈیا وفد نے چین میں مختلف اداروں سے ملاقاتیں کیں۔

اسلام آباد، 25 نومبر 2026: انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے چین پاکستان اسٹڈی سینٹر (سی پی ایس سی) نے پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے کے تعاون سے تھنک ٹینک ماہرین، محققین اور میڈیا نمائندوں پر مشتمل 12 رکنی مشترکہ وفد کے دورہ چین کا اہتمام کیا۔ وفد کی قیادت آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سفیر معین الحق نے کی۔

یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے تاریخی سال میں کیا گیا۔ دورے کا مقصد ادارہ جاتی روابط کو مزید گہرا کرنا، علمی تبادلوں کو فروغ دینا، میڈیا کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانا اور پاکستان چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے عوامی سطح کے پہلو کو تقویت دینا تھا۔

دورے کی ایک اہم سرگرمی پاکستان چین تھنک ٹینک فورم تھی، جو آئی ایس ایس آئی اور چائنا انسٹی ٹیوٹس آف کنٹیمپریری انٹرنیشنل ریلیشنز (سی آئی سی آئی آر) کے اشتراک سے 20 نومبر 2026 کو بیجنگ میں منعقد ہوا۔ فورم میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر جامع اور بامعنی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مباحثوں میں پاکستان چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے مستقبل کے رخ، مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورت حال، ابھرتی ہوئی تزویراتی صف بندیوں اور علاقائی امن و سلامتی پر ان کے اثرات جیسے موضوعات زیر غور آئے۔ خیالات کے تبادلے سے پالیسی پر مبنی تحقیق کو مزید قریب لانے اور ادارہ جاتی تعاون کو تسلسل دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

سفیر معین الحق کے علاوہ وفد میں سی پی ایس سی کے ڈائریکٹر حمائیوں خان، ریسرچ فیلوز اسد اللہ خان اور ماہ رخ خان، جبکہ سی پی ایس سی۔آئی ایس ایس آئی کے ریسرچ ایسوسی ایٹس حارث بلال ملک، مسکان معظم اور رمشا اشرف شامل تھے۔ وفد کے دیگر ارکان میں انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز (آئی آر ایس) کی ہیڈ آف چائنا پروگرام نبیلہ جعفر، صحافی سید رشید صافی، اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی) کی ریسرچ فیلو تنزیلہ خلیل، پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی اینکر پرسن ماہ نور قریشی اور سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (سی اے ایس ایس) کی ریسرچ اسسٹنٹ سجل شاہد شامل تھیں۔

دورے کے دوران وفد نے چین کے نمایاں تھنک ٹینکس اور تعلیمی اداروں کے ساتھ تفصیلی روابط کیے۔ ان اداروں میں چائنا انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز (سی آئی آئی ایس)، شانڈونگ یونیورسٹی کا چنگ ڈاؤ کیمپس، چنگ ڈاؤ میں ایس سی او ڈی اے پرل انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر، سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن (سی سی جی) اور کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا کا انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اینڈ کنٹری اسٹڈیز شامل تھے۔

ان ملاقاتوں اور رابطوں کے ذریعے وفد کو چین کے ترقیاتی تجربے، عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورت حال اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کے بارے میں اہم آگاہی حاصل ہوئی۔ وفد نے بیجنگ میں پاکستان کے نو تزئین شدہ سفارت خانے کا بھی دورہ کیا، جہاں ڈپٹی ہیڈ آف مشن اعزاز خان نے وفد کو سفارت خانے کی تاریخ اور پاکستان چین تعلقات میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا۔

Share This Article