پیٹرولیم قیمتوں میں بار بار ردوبدل، پمپ مالکان کا مستقل طریقہ کار بنانے کا مطالبہ

newsdesk
2 Min Read
سردار فاروق نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پیٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد: راولپنڈی اور اسلام آباد پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر سردار فاروق نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے موجودہ طریقہ کار پر نظرثانی کی جائے، کیونکہ قیمتوں میں بار بار تبدیلی سے پیٹرول پمپ مالکان کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار فاروق نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ بنیادوں پر تبدیلی پیٹرول پمپ کے کاروبار کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے اور اس صورت حال میں کاروباری امور چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے بعد ہر پیٹرول پمپ کو تقریباً 18 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک نقصان اٹھانا پڑا۔ سردار فاروق کے مطابق قیمتوں میں کمی سے موجودہ اسٹاک پر نقصان ہوتا ہے، جبکہ قیمتوں میں اضافہ فروخت میں کمی کا سبب بنتا ہے، اس لیے پمپ مالکان دونوں صورتوں میں مالی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ماہانہ بنیادوں پر مقرر کی جائیں۔ ان کے مطابق اگر ماہانہ بنیاد پر نظرثانی ممکن نہ ہو تو کم از کم ہر 15 دن بعد قیمتوں میں تبدیلی کی جائے۔

سردار فاروق نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل تبدیلی سے پیٹرول پمپ مالکان کے لیے غیر یقینی صورت حال پیدا ہو رہی ہے اور کاروباری معاملات دن بدن پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے مستقل اور یکساں طریقہ کار متعارف کرایا جائے تاکہ پمپ مالکان کو بار بار کے مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔

Share This Article