اسلام آباد میں وزارتِ صحت کے ادارے ڈرگ کنٹرول آئی سی ٹی نے شہری کی شکایت پر ایکسل ڈائیگناسٹک لیب کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ انفلوویک ٹیٹرا ویکسین برآمد کرلی اور تین افراد کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق ڈرگ کنٹرول ٹیم نے چیف ڈرگ انسپکٹر سردار شبیر کی نگرانی میں ایکسل ڈائیگناسٹک لیب پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ لیب میں مریضوں کو مشتبہ انفلوویک ٹیٹرا ویکسین لگائی جارہی تھی، جبکہ مذکورہ ویکسین رواں سال پاکستان میں درآمد نہیں کی گئی۔
ترجمان کے مطابق چھاپے کے دوران لیبارٹری سے ویکسین کا ریکارڈ اور 27 ویکسین انجیکشن قبضے میں لے لیے گئے۔ وزارتِ صحت نے بتایا کہ ویکسین کا لاٹ نمبر 913 پہلے ہی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے جعلی قرار دیا جا چکا تھا، جبکہ ڈریپ کی جانب سے اس مشتبہ ویکسین کے بارے میں ریپڈ الرٹ بھی پہلے ہی جاری کیا گیا تھا۔
کارروائی کے دوران ایکسل لیب کے سی ای او ڈاکٹر نصیر احمد، منیجر بلال عباسی اور شیر دل کو گرفتار کیا گیا۔ وزارتِ صحت کے مطابق لیبارٹری انتظامیہ کی مزاحمت کے باعث ایف آئی اے کی معاونت سے کارروائی مکمل کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ جعلی اور مشتبہ ویکسین کے معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور دیگر ملوث افراد کا تعین کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ڈرگ کنٹرول ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ وزارتِ صحت نے جعلی ادویات کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔
