اسلام آباد: اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ’’تعلیم بچاؤ، پاکستان بچاؤ‘‘ کے عنوان سے نیشنل ڈائیلاگ آن ایجوکیشن کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں سیاسی رہنماؤں، ماہرین تعلیم، اساتذہ، طلبہ اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس میں عوام پاکستان پارٹی کے صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن، وفاقی وزیر احسن اقبال اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔
کانفرنس کا مرکزی موضوع ’’مسائل، امکانات اور طلبہ یونین‘‘ تھا، جس کے تحت ملک کے تعلیمی نظام کو درپیش چیلنجز، تعلیمی ترقی کے مواقع اور طلبہ یونینز کی بحالی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں اور تعلیمی اداروں سے وابستہ ہے، اس لیے تعلیم کو سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی ترجیح بنایا جانا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا اور تعلیم، طلبہ کے مسائل اور طلبہ یونینز کی بحالی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ تعلیمی نظام میں بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ طلبہ پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ طلبہ یونینز جمہوریت کی نرسریاں ہیں اور طلبہ کو اپنے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھانے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک بنانا، اسکول کے بچوں کا تحفظ یقینی بنانا اور کیمپس کا پُرامن ماحول برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
کانفرنس کے دوران منشیات سے پاک کیمپس، اسکول کے بچوں کے تحفظ، طلبہ یونینز کی بحالی، تعلیمی فیسوں میں اضافے، تعلیمی بجٹ میں کٹوتیوں اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع جیسے اہم امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
اسلامی جمعیت طلبہ کے رہنماؤں نے کہا کہ نیشنل ڈائیلاگ کا مقصد سیاسی جماعتوں، ماہرین تعلیم اور طلبہ کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ تعلیم کے معاملے پر قومی اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔
کانفرنس کے اختتام پر شرکا نے تعلیمی نظام کی بہتری اور نوجوانوں کی آواز ہر فورم پر بلند کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
