راولپنڈی، 11 نومبر 2026ء — یونین کونسل 30، 31 اور 32 کے مختلف علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال پر مکینوں نے سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے ستھرا پنجاب اتھارٹی کی کارکردگی پر سوال اٹھا دیے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ اگر اتھارٹی بنیادی صفائی کی سہولت فراہم نہیں کر سکتی تو اس کے موجودہ انتظامی ڈھانچے پر نظرثانی کی جائے۔
محمود علی شاہ، چاہ سلطان، امرپورہ، محلہ حکمداد اور ظفرالحق روڈ کے رہائشیوں کے مطابق گلیوں، نالیوں، چھوٹے نالوں اور کھلے پلاٹوں میں کوڑے کے ڈھیر جمع ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان سٹیزن رائٹس موومنٹ کے چیئرمین ظہیر احمد اعوان نے علاقہ مکینوں کی شکایات پر مختلف مقامات کا دورہ کیا اور صفائی کی خراب حالت کی نشاندہی کی۔
ظہیر احمد اعوان نے کہا کہ بار بار شکایات کے باوجود ستھرا پنجاب اتھارٹی کی جانب سے مؤثر صفائی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ ان کے مطابق اندرونِ شہر صفائی کا مسئلہ خطرناک صورت اختیار کر چکا ہے، نالیوں اور چھوٹے نالوں میں کوڑا جمع ہونے سے نکاسی آب متاثر ہو رہی ہے، جبکہ کھڑا گندا پانی تعفن، مچھروں، مکھیوں اور ڈینگی کے خطرات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری گندگی کے باعث بیماریوں اور ماحولیاتی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ظہیر احمد اعوان نے ستھرا پنجاب کے آپریشنل افسران کی اہلیت، تقرریوں اور کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے اور مطالبہ کیا کہ متعلقہ عہدوں پر تعیناتی کے لیے ماحولیاتی تعلیم، متعلقہ ڈگری، ڈپلومہ اور پیشہ ورانہ قابلیت کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوڑا اٹھانے کے بجائے اسے جلانے یا نالیوں، نالوں، نالہ لئی اور بڑے نالوں میں پھینکنے کی شکایات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔
اس موقع پر علاقہ مکینوں احمد شاہ، میاں پاشا، حاجی احمد اور عرفان بھٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ یوسی 30، 31 اور 32 میں فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر خصوصی صفائی آپریشن شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام نالیوں، چھوٹے نالوں اور کھلے پلاٹوں کی صفائی کرائی جائے، روزانہ بلا تعطل کوڑا اٹھانے کا نظام یقینی بنایا جائے اور غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
شہریوں نے کہا کہ اگر ستھرا پنجاب اتھارٹی عوام کو بنیادی صفائی کی سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہے تو اس کی افادیت پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور اسے ختم کرنے کے مطالبے کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ جب صفائی کے نام پر اتھارٹی قائم ہے تو راولپنڈی کی گلیاں، نالیاں اور محلے کچرا کنڈی کیوں بنے ہوئے ہیں؟
