اسلام آباد کی تمام یونین کونسلز میں جماعت اسلامی کے امیدوار میدان میں آگئے

newsdesk
2 Min Read
جماعت اسلامی اسلام آباد نے تمام یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے امیدوار میدان میں اتار دیے۔

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے وفاقی دارالحکومت کی تمام یونین کونسلز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے اپنے امیدوار نامزد کر دیے ہیں اور ہر یو سی سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کو کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دے گی۔ ان کے مطابق اسلام آباد کے مسائل کا دیرپا حل اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے اور بااختیار مقامی حکومتوں کے قیام میں ہے۔

انجینئر نصراللہ رندھاوا کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے شہری تعلیم، صحت، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے سنگین مشکلات کا شکار ہیں۔ جماعت اسلامی کے پاس شہر کی ترقی، ڈیجیٹلائزیشن اور عوامی مسائل کے حل کے لیے واضح منصوبہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سے پاک اور بااختیار لوکل گورنمنٹ ہی اسلام آباد کو موجودہ مسائل سے نکال سکتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ منتخب ہو کر جماعت اسلامی بلدیاتی اداروں کو مضبوط اور فعال بنائے گی۔ ان کے بقول ماضی میں جہاں بھی جماعت اسلامی کو عوامی خدمت کا موقع ملا، وہاں دستیاب اختیارات سے بڑھ کر کام کیا گیا، جس کی نمایاں مثال کراچی ہے۔

انہوں نے اسلام آباد کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ جماعت اسلامی الیکشن ڈے تک بھرپور اور مؤثر انتخابی مہم چلائے گی، ہر طبقہ فکر کے لوگوں سے رابطہ کرے گی اور شہری و دیہی تقسیم سے بالاتر ہو کر پورے اسلام آباد کو ایک مشترکہ دھارے میں لانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

Share This Article