آزادی کے تحفظ کے لیے اتحاد، قانون کی پاسداری اور معاشی مضبوطی ناگزیر ہے، زاہد بختاوری

newsdesk
2 Min Read
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ زاہد بختاوری نے یومِ آزادی کے موقع پر قومی اتحاد اور معاشی استحکام پر زور دیا۔

راولپنڈی: راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ زاہد بختاوری نے کہا ہے کہ 14 اگست قوم کو تحریکِ پاکستان کی قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت کی یاد دلاتا ہے۔

یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں زاہد بختاوری نے کہا کہ آزادی کی حفاظت کے لیے قومی اتحاد، آئین و قانون کا احترام، ادارہ جاتی استحکام، سیاسی برداشت اور معاشی قوت نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ذاتی اور گروہی مفادات کے بجائے قومی مفاد کو ترجیح دی جائے اور شہریوں اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کو فروغ دیا جائے۔

زاہد بختاوری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے مضبوط معیشت، کاروبار اور صنعت کا فروغ، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور کاروباری برادری کی معاونت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے تعلیم، صحت، ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی مہارتوں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صفائی، شہری نظم و ضبط، ماحولیات کے تحفظ اور قوانین کی پابندی کے ذریعے حب الوطنی کا عملی مظاہرہ کریں۔ زاہد بختاوری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری شناخت اور ہماری نسلوں کا مستقبل ہے، اس لیے ہر شہری کو اس کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

پاکستان زندہ باد!

Share This Article