گورنر ہاؤس میں خیبر پختونخوا کی جامعات کے اعلیٰ تعلیمی امور سے متعلق ایک اہم اجلاس گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے شرکت کی۔
اجلاس میں مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ڈاکٹر سید عامر عبداللہ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن عابد اللہ کاکا خیل، وائس چانسلر یو ای ٹی ٹیکسلا پروفیسر ڈاکٹر عنایت اللہ بابر، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ڈاکٹر عمران اللہ مروت، ایچ ای سی اور گورنر ہاؤس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران خیبر پختونخوا کی جامعات کو درپیش مختلف تعلیمی، انتظامی اور مالی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، جامعات کے نظم و نسق کو مضبوط کرنے، تحقیق و اختراع کے فروغ اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کی موجودہ اور ابھرتی ہوئی ضروریات کے حل سے متعلق ترجیحات پر غور کیا۔
ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور صوبائی قیادت کے درمیان مؤثر رابطہ کاری جامعات کی ادارہ جاتی استعداد بڑھانے، تعلیمی معیارات برقرار رکھنے اور طلبہ و اساتذہ کے لیے تعلیمی و تحقیقی مواقع میں اضافے کے لیے ضروری ہے۔
شرکا نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ جامعات ہنر مند افرادی قوت کی تیاری، علم کے فروغ اور خیبر پختونخوا سمیت پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ قریبی رابطے کے ساتھ کام کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
