راولپنڈی: آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (ایپسما) کے مرکزی سینئر نائب صدر محمد فرقان چوہدری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ اسپورٹس پروگرام کا خیرمقدم کیا گیا۔
اجلاس میں نجی اسکولوں پر زور دیا گیا کہ وہ پروگرام کے لیے اہل طلبہ کی 100 فیصد رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔ شرکا نے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے، درست معلومات فراہم کی جائیں اور مقررہ مدت کے اندر تمام مراحل مکمل کیے جائیں۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ایپسما تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں، جسمانی فٹنس اور کردار سازی کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ اس پروگرام سے نوجوان نسل کو صحت مند، متحرک اور باصلاحیت بنانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں ایپسما شمالی پنجاب کے صدر اور ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی راولپنڈی کے رکن ابرار احمد خان، ایپسما راولپنڈی ڈویژن کے صدر ابرار احمد ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری عامر انور، ضلعی صدر آغا شہاب مقصود، ویمن ونگ راولپنڈی ڈویژن کی صدر سکینہ تاج، تحصیل صدر عدنان نثار، جنرل سیکرٹری راجہ نعمان قمر، راولپنڈی ڈویژن کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر اعجاز محمود، ویمن ونگ راولپنڈی ڈویژن کی سینئر نائب صدر مسز لبنیٰ راشد، ویمن ونگ کی تحصیل صدر مسز اسماء شاہد اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
ایپسما نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے ساتھ مسلسل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ اسپورٹس پروگرام کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔
