سیول: وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے سیول میں معروف عالمی ٹیکنالوجی مرکز ’پینگیو ٹیکنو ویلی‘ کا اہم دورہ کیا، جہاں انہیں مرکز کے طریقۂ کار، جدید ایجادات اور ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر کو مصنوعی ذہانت، سیمی کنڈکٹرز اور جدید ڈھانچے کی ترقی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور جنوبی کوریا نے ڈیجیٹل معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان جنوبی کوریا کے جدید ٹیک ماڈلز سے بھرپور استفادہ کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی معلومات اور تجربات کے تبادلے پر اتفاق ہوا ہے، جس سے ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون کو تقویت ملے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی نئی راہیں ہموار کرنا اور انہیں روشن مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی اور کوریائی اسٹارٹ اپس کے درمیان باہمی اشتراک اور مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل وژن کو فروغ دینا اور عالمی ٹیک اداروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
