پارلیمانی وفد کا این ڈی ایم اے دورہ، سیلابی تیاریوں اور پانی کی قلت پر بریفنگ

newsdesk
3 Min Read
شائستہ پرویز کی قیادت میں پارلیمانی وفد کو این ڈی ایم اے میں سیلابی تیاریوں، فصل کے سیزن اور پانی کے انتظام پر بریفنگ دی گئی۔

اسلام آباد، 22 اکتوبر 2026ء: قومی پارلیمانی ٹاسک فورس برائے پائیدار ترقیاتی اہداف کی کنوینر اور رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں وفد کو آئندہ فصل کے سیزن، سیلابی صورت حال سے نمٹنے کی تیاریوں، حلقہ وار آبی منصوبہ بندی اور پانی کی موجودہ قلت کے چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔

این ڈی ایم اے حکام نے پارلیمنٹیرینز کو آئندہ زرعی سیزن کے حوالے سے تیاریوں، سیلابی خطرات کے انتظام کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور آفات سے نمٹنے کی استعداد و ردعمل کو مضبوط بنانے کی حکمت عملیوں سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں پانی کی دستیابی، آبی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور بہتر انتظام کے علاوہ مقامی سطح پر پانی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے حلقہ وار منصوبہ بندی کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پارلیمنٹیرینز نے متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری، بروقت معلومات کے تبادلے اور پیشگی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا تاکہ سیلاب، پانی کی کمی اور موسمیاتی خطرات کے کمیونٹیز اور زرعی روزگار پر منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔

بریفنگ کے دوران وفد کو آفات کے انتظام کی ترجیحات اور اپنے اپنے حلقوں کو درپیش پانی سے متعلق مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔ دورے میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ باخبر پالیسی سازی، حلقہ جاتی سطح پر لچک مضبوط بنانے، جانوں، روزگار اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے پارلیمانی نگرانی کا تسلسل اور این ڈی ایم اے سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ ناگزیر ہے۔

دورے کے موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ و انسداد منشیات سینیٹر طلال چوہدری اور وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون بھی موجود تھے۔ پارلیمانی وفد میں ارکان قومی اسمبلی انجم عقیل خان، دانیال چوہدری، سیدہ نوشین افتخار، شیر علی ارباب، اویس حیدر جکھڑ، محمد خان ڈاہا، شمشیر علی مزاری، زیب جعفر، سید علی موسیٰ گیلانی، فیصل امین گنڈاپور، سید حفیظ الدین، ڈاکٹر شاہدہ رحمانی، سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان، محمد بلال بدر چوہدری، چوہدری محمد شہباز بابر، ندیم عباس اور دانیال احمد شامل تھے۔

Share This Article