راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل راولپنڈی کے زیر اہتمام ڈیرہ راجہ شیرباز پر 18 اکتوبر سانحہ کارساز کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یاد میر خان، سردار زاہد، راجہ اویس، راجہ مسعود، راجہ جہانزیب، عادل محمود، ملک محمد خان، افضل خان، راجہ ارسلان، علی عباس، جمال الدین، ناصر خان، آفاق حسین شاہ، راجہ اعظم، منظور اعوان، طفیل احمد، ملک عزیر، راجہ خالد اور راجہ عابد سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ بلال شیرباز، جنرل سیکرٹری تحصیل راولپنڈی، سیکرٹری اطلاعات و نشریات تحصیل راولپنڈی، اور بشارت بھٹی نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو کراچی کے علاقے کارساز میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے استقبالی جلوس پر خودکش حملے کیے گئے، جن میں 175 سے زائد سیاسی کارکن شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ بہادر کارکن تھے جنہوں نے اپنی قائد کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ ان کی قربانیاں وفاداری، جرات اور جمہوریت سے غیر متزلزل وابستگی کی ایسی مثال ہیں جنہیں تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
راجہ بلال شیرباز اور بشارت بھٹی نے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اپنی قائد اور جمہوری جدوجہد کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر قربانی دی۔ ان کے لہو سے لکھی گئی تاریخ یاد دلاتی ہے کہ جمہوریت کا سفر بے شمار قربانیوں سے عبارت ہے۔
تقریب کے اختتام پر سانحہ کارساز کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
