اسلام آباد: وزارت صحت نے مارگلہ اسپتال کو فعال بنانے کے سلسلے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے افتتاحی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت مارگلہ اسپتال کے افتتاح کی تیاریوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں جوائنٹ سیکرٹری ہیلتھ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مارگلہ اسپتال کے انتظامات، دستیاب سہولیات اور افتتاحی امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مارگلہ اسپتال کو فلانتھراپک پارٹنرشپ کے تحت انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے سپرد کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ شراکت داری عوامی خدمت، شفافیت اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کی بہترین مثال ثابت ہوگی۔
مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ اسلام آباد کا 167 بستروں پر مشتمل مارگلہ اسپتال جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہوگا، جہاں جدید تشخیصی، طبی اور آپریشن کی اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی سال سے وبائی امراض کا اسپتال غیر فعال تھا، تاہم اب عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔
وزیر صحت کے مطابق وزیراعظم پاکستان رواں ہفتے مارگلہ اسپتال کا افتتاح کریں گے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس اسپتال کے فعال ہونے سے اسلام آباد کے بڑے اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا، جبکہ اسلام آباد اور گردونواح کی بڑی آبادی کو معیاری طبی سہولیات مفت میسر آئیں گی۔
