مہنگائی اور لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی، پیپلزپارٹی راولپنڈی

newsdesk
2 Min Read
پیپلزپارٹی ضلع راولپنڈی کے رہنماؤں نے مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کیا۔

راولپنڈی: پاکستان پیپلزپارٹی ضلع راولپنڈی کے صدر شوکت علی عباسی، جنرل سیکرٹری عمار مہدی راجہ اور نائب صدر راجہ منان نے پارٹی آفس سے جاری مشترکہ احتجاجی بیان میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پارٹی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اور غریب عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نون لیگ کی حکومت کی نااہلی کے باعث غریب عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے، دو وقت کی روٹی کا نوالہ بھی عوام سے چھینا جا رہا ہے اور انہیں خودکشیوں پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اشیائے خوردونوش، ٹرانسپورٹ اور راشن کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جبکہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مسلسل مہنگی کی جا رہی ہے۔ ضلعی صدر شوکت علی عباسی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ انتہائی ظالمانہ اقدام ہے۔

جنرل سیکرٹری عمار مہدی راجہ اور نائب صدر راجہ منان نے کہا کہ نون لیگ کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انہیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رہی ہے۔ ان کے مطابق عوام کو پٹرول کی اصل قیمت سے 140 روپے مہنگا پٹرول دیا جا رہا ہے اور ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز دکھائی نہیں دیتی۔

پیپلزپارٹی رہنماؤں نے کہا کہ نون لیگ عوام کو خود سڑکوں پر آنے پر مجبور کر رہی ہے۔

Share This Article