اسلام آباد: ابوظہبی انٹرنیشنل بک فیئر 2026ء میں پاکستان پویلین کے وفد نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان سے ملاقات کی، جس میں پاکستانی ادب و ثقافت کی مؤثر نمائندگی، کتب کے فروغ، ثقافتی روابط اور آئندہ مشترکہ منصوبوں کے امور زیرِ غور آئے۔
وفد میں نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز مراد علی مہمند، بُک کارنر جہلم کے ڈائریکٹر امر شاہد اور اُردو ورلڈ بُکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و پاکستان پویلین کے پرنسپل آرگنائزر سرمد خان شامل تھے۔
ملاقات کے دوران سفیر پاکستان شفقت علی خان نے پاکستان پویلین کے ذریعے پاکستانی ادب، ثقافت اور علمی ورثے کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں نیشنل بُک فاؤنڈیشن، بُک کارنر جہلم اور اُردو ورلڈ بُکس کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس امر کو بھی خوش آئند قرار دیا کہ پویلین میں آنے والے قارئین اور زائرین نے پاکستانی مطبوعات، خاص طور پر اردو ادب، بچوں کی کتابوں، ثقافتی موضوعات اور ترجمہ شدہ کتب میں دلچسپی ظاہر کی۔
وفد اور سفیر پاکستان کے درمیان پاکستان پویلین میں رکھی گئی کتابوں کے موضوعات، ان کی ادبی و ثقافتی اہمیت اور پاکستانی و عرب قارئین کے لیے ان کی افادیت پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ گفتگو میں پاکستانی تارکینِ وطن کی اردو فکشن، شاعری اور جدید ادب سے دلچسپی، پاکستانی ادب کے عربی اور انگریزی تراجم کی بڑھتی ہوئی ضرورت، بچوں کے ادب کے ذریعے نئی نسل کو ثقافتی شناخت سے جوڑنے کی اہمیت اور پاکستان کی تاریخ، ورثے، ثقافت اور سیاحت سے متعلق کتب کے فروغ جیسے پہلو شامل رہے۔
سفیر شفقت علی خان نے زور دیا کہ عرب قارئین تک پاکستان کے ثقافتی تنوع اور تہذیبی ورثے کو پہنچانے کے لیے منتخب، معیاری اور مؤثر مطبوعات سامنے لانا ضروری ہے۔ انہوں نے پاکستان پویلین میں پیش کی گئی کتابوں کے معیار کی تعریف کی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان سے متعلق ادبی و ثقافتی مواد کو مزید وسعت دینے کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے تجویز پیش کی کہ پاکستان کی ثقافت و ورثے، تاریخی پس منظر، اہم سیاحتی مقامات، تہذیبی خدمات، فنونِ لطیفہ اور معاصر ادبی سرگرمیوں پر مشتمل عربی زبان میں ایک اعلیٰ معیار کی کافی ٹیبل بُک تیار کی جائے۔ تجویز کے مطابق یہ اشاعت سفارتخانۂ پاکستان ابوظہبی، نیشنل بُک فاؤنڈیشن اور بُک کارنر جہلم کے اشتراک سے تیار کی جا سکتی ہے، تاکہ عرب قارئین، متحدہ عرب امارات کے اداروں اور بین الاقوامی زائرین کے سامنے پاکستان کا جامع ثقافتی و تہذیبی تعارف پیش کیا جا سکے۔
نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز مراد علی مہمند نے سفارتخانۂ پاکستان ابوظہبی میں این بی ایف بُک کارنر کے قیام کی تجویز دی۔ مجوزہ بُک کارنر کے ذریعے سفارتخانے آنے والے پاکستانی شہریوں اور دیگر قارئین کو اردو ادب، پاکستان اسٹڈیز اور پاکستان کی تاریخ و ثقافت سے متعلق کتابوں تک رسائی فراہم کی جائے گی، جس سے مطالعے کے رجحان کو مستقل بنیادوں پر فروغ ملے گا اور سفارتخانے میں پاکستانی ادب کی مستقل موجودگی ممکن ہو گی۔
وفد نے سفارتخانے میں مجوزہ بُک کارنر کے لیے مختص مقام کا دورہ بھی کیا اور متعلقہ حکام کے ساتھ اس کے انتظامی اور عملی پہلوؤں پر بات چیت کی۔
ملاقات کے اختتام پر نیشنل بُک فاؤنڈیشن اور بُک کارنر جہلم کی منتخب مطبوعات سفیر پاکستان شفقت علی خان کو پیش کی گئیں۔ ان کتابوں میں پاکستان کی ثقافت، ورثے اور تہذیب، بچوں کے ادب اور معاصر اردو ادب سے متعلق اشاعتیں شامل تھیں۔
اُردو ورلڈ بُکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سرمد خان نے سفیر پاکستان کا وقت دینے، رہنمائی اور متحدہ عرب امارات میں پاکستان کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کی سرپرستی پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کتاب، ادب اور ثقافتی تبادلے کے ذریعے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ادبی و ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
