پاکستانی پارلیمان کو پہلی بار گرین میس ایوارڈ مل گیا

newsdesk
3 Min Read
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کیپ ٹاؤن میں پارلیمانِ پاکستان کی جانب سے افتتاحی گرین میس ایوارڈ وصول کیا۔

اسلام آباد، 17 ستمبر 2026ء: پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں ایک اہم اعزاز کے طور پر قومی اسمبلی پاکستان کو 69ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے مرکزی پروگرام کے دوران افتتاحی گرین میس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ کانفرنس جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں جاری ہے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمانِ پاکستان کی جانب سے یہ باوقار ایوارڈ وصول کیا۔ یہ اعزاز قومی اسمبلی کے ماحول دوست اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا، جن میں دنیا کی پہلی 100 فیصد شمسی توانائی پر چلنے والی پارلیمان کا درجہ، پارلیمانی نظام کو پیپر لیس بنانے کی جانب پیش رفت اور پارلیمنٹ ہاؤس میں زیر تکمیل واٹر ہارویسٹنگ منصوبہ شامل ہیں۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بطور اسپیکر قومی اسمبلی افتتاحی گرین میس ایوارڈ وصول کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے اس پذیرائی پر اظہارِ تشکر کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ ایوارڈ محض ایک تمغہ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے صاف اور بہتر ماحول یقینی بنانے کے پارلیمان کے عزم کا اعتراف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرین پارلیمنٹ بننے کا سفر کسی انعام کے حصول کے لیے نہیں بلکہ عوام، بچوں اور مستقبل میں اس پارلیمان کے وارث بننے والی نسلوں کے لیے ذمہ داری کے احساس کے تحت شروع کیا گیا۔

قومی اسمبلی پاکستان مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقل ہو چکی ہے، جس کے بعد اسے دنیا کی پہلی پارلیمان ہونے کا اعزاز حاصل ہے جو مکمل طور پر سولر پاور پر چلتی ہے۔ قومی اسمبلی نے پارلیمانی کارروائی کے لیے الیکٹرانک ٹیبلٹس کے استعمال کے ذریعے پیپر لیس ورکنگ ماحول کی جانب بھی پیش رفت کی ہے، جس سے مطبوعہ دستاویزات پر انحصار کم ہوا اور ڈیجیٹل پارلیمانی طریقہ کار کو فروغ ملا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کا جاری منصوبہ بھی قومی اسمبلی کے ماحول دوست اقدامات کا اہم حصہ ہے۔ اس منصوبے کا مقصد آبی وسائل کا تحفظ اور ان کا مؤثر استعمال ہے۔

69ویں دولت مشترکہ پارلیمانی کانفرنس کے شرکاء نے پاکستان کے گرین پارلیمنٹ اقدام اور ماحول کے حوالے سے ذمہ دارانہ اقدامات کو سراہا۔ شرکاء نے قومی اسمبلی کے تجربے کو دولت مشترکہ کی ان پارلیمانوں کے لیے ایک نمونہ قرار دیا جو پائیدار اور ماحول دوست پارلیمانی طریقوں کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں۔

Share This Article