راولپنڈی: رائزنگ پاکستان فورم کے زیر اہتمام پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں سیرت کانفرنس منعقد کی گئی، جس کا موضوع ’’دور حاضر میں سیاست اور قیادت کے لیے حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو مدنظر رکھنے کی ضرورت‘‘ تھا۔
کانفرنس میں سماجی شخصیات، علماء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سیرت طیبہ آج کے دور میں بھی قیادت، سیاست، معاشرت اور اجتماعی زندگی کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
شرکاء میں محمد عبید اللہ، ڈاکٹر حافظ اسلم، محمد متین ہاشمی چیئرمین مکمل پاکستان پارٹی، مائیکل روز چیئرمین کرسچن یونائٹڈ پارٹی، گل افرین سیکرٹری جنرل مسلم لیگ وومن ونگ راولپنڈی، صدر اسلام آباد گڈز اینڈ ٹرانسپورٹ کمپنیز و سماجی رہنما محمد جاوید اقبال، مرکزی رہنما رائزنگ پاکستان صائمہ بھٹی، مبشر احمد وائس پریزیڈنٹ رائزنگ پاکستان فورم، ڈاکٹر غلام علی صدر رائزنگ پاکستان فورم اور رخشندہ تسنیم شامل تھے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ کو ایک مکمل ضابطہ حیات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بہترین معلم، تاجر، ساتھی اور سربراہ خاندان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سربراہ مملکت کی حیثیت سے بھی غیر معمولی سیاسی بصیرت، دانشمندی اور حکمت عملی کے حامل تھے، جن سے آج کی سیاسی قیادت کو رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ میں کفار کی جانب سے تمام مصائب اور مظالم کے باوجود اسلام کی تبلیغ، ہجرت کے بعد مدینہ کی ریاست کا قیام، فتح مکہ کے موقع پر ایک بہترین فاتح کا کردار، اور مسلم ریاست میں غیر مسلم اقلیتوں کے ساتھ معاشرت و مفاہمت—ہر پہلو پر حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا طرز عمل آج بھی ہمارے لیے بہترین تقلید کی مثال ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو سیرت مبارکہ سے روشناس کرانے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں، اور اس مقصد کے لیے معاشرے کو اپنے طرز عمل کو حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔
ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل محمد شکور نے تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو جاننا اور سمجھنا آج کی نسل کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل ایسے ہر اقدام میں ہر ممکن تعاون کے لیے ساتھ کھڑی ہے۔
