پمز اسلام آباد میں 14 بچوں کی اموات پر صفدر عباسی اور ناہید خان کا اظہارِ افسوس

newsdesk
2 Min Read
صفدر عباسی اور ناہید خان نے پمز اسپتال کے سانحے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی پولیٹیکل اسسٹنٹ ناہید خان نے پمز اسپتال اسلام آباد میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعے میں 14 معصوم بچوں کی اموات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال کا یہ سانحہ نہایت دلخراش ہے جس نے ہر حساس دل کو غمزدہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم جانوں کا ضیاع والدین اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ناقابلِ برداشت صدمہ ہے، جس کے درد کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

ڈاکٹر صفدر عباسی اور ناہید خان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے بچوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے والدین اور اہل خانہ کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر دے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، شفاف، جامع اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور تمام متعلقہ پہلوؤں کا مکمل جائزہ لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی سطح پر غفلت، لاپرواہی یا فرائض سے کوتاہی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا کہ 14 معصوم بچوں کی قیمتی زندگیاں واپس نہیں لائی جا سکتیں، تاہم مکمل تحقیقات اور ذمہ داری کا تعین اس لیے ناگزیر ہے تاکہ آئندہ کسی اور خاندان کو ایسے ناقابلِ برداشت سانحے سے نہ گزرنا پڑے۔

Share This Article