فارماسسٹس کے پیشہ ورانہ امور پر وزیر صحت سے پی پی اے وفد کی مشاورت

newsdesk
2 Min Read
پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر عالمگیر راؤ کی قیادت میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ملاقات کی۔

پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر عالمگیر راؤ کی قیادت میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ملاقات کی، جس میں ملک میں فارماسسٹس کے پیشہ ورانہ امور، فارمیسی سروسز اور صحت کے نظام میں درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں پروفیسر ڈاکٹر فرقان ہاشمی، جنرل سیکرٹری عمران احمد ممتاز، ڈاکٹر کلیم اللہ، خاقان بابر، شفا خان بنگش، مہیش کمار اور مس مسیحہ نورین شامل تھے۔

ملاقات کے دوران ملک بھر میں فارماسسٹس کی رجسٹریشن، لائسنسنگ اور فارمیسی سروسز کے لیے یکساں معیارات وضع اور نافذ کرنے کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے فارماسسٹ رجسٹریشن، لائسنسنگ اور فارمیسی سروسز میں یکسانیت سے متعلق اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے مستند فارماسسٹس کو محدود دائرہ کار میں ادویات تجویز کرنے کی اجازت کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن کی ملک بھر میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کے نظام میں فارماسسٹس کا کردار اہم ہے اور ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارماسسٹس کے پیشہ ورانہ مسائل اور زیر بحث پالیسی معاملات کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ فارمیسی کونسل آف پاکستان کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور اسے ڈیجیٹائز بھی کیا جا رہا ہے۔

وفد نے صحت کے شعبے میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی جاری اصلاحات کو سراہا اور وفاقی وزیر صحت کی جانب سے مثبت یقین دہانی کا خیرمقدم کیا۔

Share This Article