اسوۂ رسول ﷺ کی پیروی کامیابی کی ضمانت ہے، عامر صدیقی

newsdesk
4 Min Read
سماجی رہنما محمد عامر صدیقی نے کہا کہ اسوۂ حسنہ کی پیروی دنیا و آخرت میں کامیابی کا راستہ ہے۔

راولپنڈی: سماجی رہنما اور صدر ترقی پسند فلاحی تنظیم محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ سراپا رحمت بن کر تشریف لائے، آپ ﷺ سے والہانہ محبت و عقیدت اہل ایمان کا امتیاز ہے اور اسوۂ حسنہ کی پیروی دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ ہے۔

ماہ ربیع الاول اور آمدِ میلاد مصطفیٰ ﷺ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے محمد عامر صدیقی نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺ کا تحفظ درحقیقت دین اسلام کا تحفظ ہے اور تحفظ ناموس رسالت ﷺ ہمارا ایمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام عشاقانِ مصطفیٰ ﷺ 1501 واں جشن ولادت مصطفیٰ ﷺ تزک و احتشام کے ساتھ منائیں گے۔

عامر صدیقی کا کہنا تھا کہ جس امت میں شامل ہونے اور جس محبوب ﷺ کا امتی بننے کی نبیوں نے خواہش کی، اللہ رب العالمین کا بے حد شکر ہے کہ اس نے ہمیں اپنے محبوب کریم ﷺ کی امت میں پیدا فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے آقا ﷺ کی آمد پر ہر جائز طریقے سے خوشی منانا اور اللہ کریم کا شکر ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام اخوت، محبت اور بھائی چارے کا دین ہے جبکہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے۔ پاکستان نے دنیا بھر میں امن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور دنیا پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے۔ ان کے مطابق اگر دنیا گلوبل ویلج ہے تو امت مسلمہ ایک جسم کی مانند ہے۔

محمد عامر صدیقی نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز کے بیشتر علاقوں اور اہلیان وطن کو سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر پوری قوم اپنے متاثرہ بھائیوں کے دکھ میں شریک ہے اور مدد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جسم کے ایک حصے کی تکلیف پورا جسم محسوس کرتا ہے، اسی طرح دنیا کے کسی بھی حصے، کشمیر، غزہ و فلسطین، ایران و لبنان یا کسی بھی خطے میں ہونے والے مظالم اور دہشت گردی پر امت مسلمہ بے چین ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوموں کی دادرسی اور انہیں مشکلات کے بھنور سے نکالنے کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لانی چاہئیں تاکہ قیام امن اور مظالم کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ عامر صدیقی نے غزہ اور لبنان میں جاری خونریزی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں اور خواتین تک پر ظلم ڈھایا جا رہا ہے، لاکھوں افراد زخمی اور کئی ہزار شہادتیں رپورٹ ہو چکی ہیں جبکہ نسل کشی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو دودھ، خوراک اور ادویات تک کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، ایسے حالات میں دنیا کے امن پسند حلقوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔

عامر صدیقی نے کہا کہ اسرائیلی دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ آج غزہ، فلسطین اور لبنان کے مسلمان بہن بھائی اسرائیلی جارحیت اور بربریت کا شکار ہیں، امت مسلمہ ان کی تباہ حالی پر اذیت اور کرب میں مبتلا ہے اور اپنے حکمرانوں سے غزہ و فلسطین، لبنان و ایران کے پائیدار امن اور حل کے لیے عملی کردار کی خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے میں اسلام آباد کی امن کوششوں کے تحت پاکستان کی جانب سے امریکہ و ایران جنگ بندی کی کوشش پر سفیر امن فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو ٹرمپ سمیت دنیا کا قدر کی نگاہ سے دیکھنا اور خراج تحسین پیش کرنا پاکستان کے قائدانہ کردار کا اعتراف ہے۔ محمد عامر صدیقی نے پاکستان، سعودیہ اور ترکیہ کے مابین سہ ملکی دفاعی معاہدے کو بھی سراہا۔

Share This Article