اسلام آباد، 15 اگست 2026ء: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ربیع الاول کے مقدس مہینے کے آغاز پر امت مسلمہ بالخصوص پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ بابرکت مہینہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس کا تعلق حضور نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ اور تعلیمات پوری انسانیت کے لیے رحمت، امن، محبت، برداشت اور اخوت کا لازوال پیغام ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سیرت طیبہ زندگی کے ہر شعبے میں مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے اور ہمیں انصاف، مساوات، شفقت، صبر، تحمل اور دوسروں کے حقوق کے احترام کی اقدار سکھاتی ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اعلیٰ تعلیمات اور اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کے عزم کی تجدید کرے اور معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دے۔
چیئرمین سینیٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوشی کے اس موقع پر غریب، ضرورت مند اور معاشرے کے کمزور طبقات کو یاد رکھیں اور اپنی خوشیوں میں انہیں بھی شریک کریں۔
انہوں نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور امت مسلمہ کو امن، خوشحالی، اتحاد اور استحکام عطا فرمائے، ملک کو تمام چیلنجز سے محفوظ رکھے اور ہمیں حضور نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت اور اسوہ حسنہ کی حقیقی پیروی کی توفیق دے۔
