عائشہ رسول کو عوامی خدمت اور عدالتی اصلاحات پر ستارۂ امتیاز عطا

newsdesk
2 Min Read
محترمہ عائشہ رسول کو عوامی خدمت اور عدالتی اصلاحات میں نمایاں خدمات پر ستارۂ امتیاز عطا کیا گیا۔

اسلام آباد، 14 اگست 2026: حکومتِ پاکستان نے وزارتِ قانون و انصاف کی سینئر کنسلٹنٹ (ریسرچ اینڈ اوپینین) محترمہ عائشہ رسول کو عوامی خدمت، عدالتی اصلاحات، قانونی تعلیم، ڈیجیٹل تبدیلی، متبادل تنازعاتی حل (ADR) اور بین الاقوامی قانونی روابط میں نمایاں خدمات پر ستارۂ امتیاز سے نوازا ہے۔

جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والی عائشہ رسول یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی وزیرستانی ہیں۔ 15 سال سے زائد تجربہ، یونیورسٹی آف یارک سے ایل ایل ایم اور چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ آف آربیٹریٹرز، برطانیہ سے ایکریڈیٹیشن ان کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور ثابت قدمی کی عکاسی کرتے ہیں۔

آئی میک (IMAC) اور کیمز (CAMS) کی پراجیکٹ ڈائریکٹر کے طور پر انہوں نے ثالثی، آربیٹریشن اور ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ کے شعبوں میں اہم اصلاحات کی قیادت کی۔ بین الاقوامی سطح پر انہوں نے انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار میڈی ایشن (IOMed) میں پاکستان کی نمائندگی کی اور آذربائیجان، چین، ترکیہ اور بنگلہ دیش کے ساتھ تربیتی پروگرامز کا اہتمام کیا۔

محترمہ عائشہ رسول نے فیڈرل لا جرنل قائم کیا، 28 سے زائد تحقیقی مقالے تحریر کیے اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کا ای کیمپس بھی شروع کیا۔ عوامی خدمت میں جدت پر انہیں وزیرِاعظم کی جانب سے سرٹیفکیٹ آف اپریسی ایشن بھی دیا گیا۔

ستارۂ امتیاز ان کی عدالتی اصلاحات، ڈیجیٹل گورننس اور عالمی قانونی تعاون میں قیادت کا اعتراف ہے۔ جنوبی وزیرستان سے قومی اور بین الاقوامی سطح تک ان کا سفر پاکستان بھر کی خواتین اور نوجوانوں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

Share This Article