نوجوان پاکستان کا بیش قیمت سرمایہ ہیں، عامر صدیقی

newsdesk
4 Min Read
پیپلز پارٹی رہنما محمد عامر صدیقی نے نوجوانوں کو پاکستان کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔

راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور وہ ملک و قوم کا وقار بلند کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ پاکستان اللہ کریم کی عطا کردہ ایک بڑی نعمت ہے جو بے شمار نعمتوں سے مالا مال ہے، اس ملک کو ماہر اور تجربہ کار بزرگوں کے ساتھ ساتھ باصلاحیت، باہمت اور جواں عزم نوجوان بھی عطا ہوئے ہیں جو قومی اثاثہ ہیں۔

نوجوانوں کے عالمی دن کے حوالے سے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر صدیقی نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 12 اگست نوجوانوں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل، انہیں آگے بڑھنے اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ بیرون ملک تعلیم و روزگار سے متعلق خدشات، خطرات، آگاہی، تحفظ اور حکمت عملی کے ذریعے قوم کے مستقبل کو بہتر بنانے کے اقدامات کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد میں نوجوان ہراول دستہ ثابت ہوئے اور آزادی وطن کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔ تاریخ ان کی بے مثال قربانیوں کی گواہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو درست سمت دی جائے تاکہ ان کے جذبے اور صلاحیت کو کندن بنا کر ملک کے لیے کارآمد قوت میں تبدیل کیا جا سکے۔

عامر صدیقی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے خود انتھک محنت کی اور نوجوانوں کی توانائی و کردار سے بھرپور استفادہ کیا۔ آج بھی پاکستان کے نوجوان صرف تعمیر پاکستان کا جذبہ ہی نہیں رکھتے بلکہ دنیا ان کے عملی کردار اور صلاحیتوں کی معترف ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم نے متحد ہو کر ایک ملک بنایا، اب ضرورت ہے کہ اسی سبز ہلالی پرچم تلے یکجا ہو کر ایک قوم کی حیثیت سے پاکستان کو تعمیر و ترقی کی راہ پر آگے بڑھایا جائے۔ پاکستان خوش قسمت ملک ہے کہ اس کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ یہ نوجوان بلند حوصلہ، محنتی اور وطن کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی علامت ہیں۔

محمد عامر صدیقی کے مطابق پاکستانی نوجوانوں نے کھیل سمیت ہر میدان میں کامیابیاں حاصل کیں، اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور ملک کا نام روشن کیا، ایسے نوجوان قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ کمر توڑ مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ قوم اپنے مستقبل کو اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنا کر تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر دن نوجوانوں کے عزم، امید اور یقین کو سنوارنے کے لیے وقف ہونا چاہیے۔

Share This Article