اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی صحت، ضوابط و رابطہ سید مصطفیٰ کمال 12 اگست کو صبح 11 بجے ٹیولپ مارکی، مری روڈ، اسلام آباد میں پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو 2026 کا بطور مہمانِ خصوصی افتتاح کریں گے۔
پرائم ایونٹ مینجمنٹ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی یہ دو روزہ بین الاقوامی نمائش اور کانفرنس 12 سے 13 اگست 2026 تک جاری رہے گی۔ ایونٹ میں پاکستان سمیت بیرون ملک سے فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر شعبے کے قائدین، مینوفیکچررز، پیشہ ور ماہرین، کاروباری نمائندے، ریگولیٹرز اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے۔
پرائم ایونٹ مینجمنٹ کے ڈائریکٹر اور پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کے منتظم کامران عباسی کے مطابق اس نمائش کا بنیادی مقصد پاکستان کے فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر سیکٹرز کے اہم فریقوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو مینوفیکچررز، سپلائرز، ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، صنعتی ایسوسی ایشنز، ریگولیٹرز اور فیصلہ سازوں کے درمیان براہ راست رابطوں کے مواقع فراہم کرے گی، جبکہ نئی ٹیکنالوجیز، کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور اشتراک عمل کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
نمائش میں فارماسیوٹیکل پروسیسنگ اور پیکیجنگ مشینری، لیبارٹری اور ٹیسٹنگ آلات، خام مال اور ایکٹو فارماسیوٹیکل انگریڈیئنٹس، طبی تشخیصی آلات، اسپتالوں کے آلات اور استعمال کی اشیاء، ادویات، ہیلتھ کیئر مصنوعات اور سرجیکل آلات پیش کیے جائیں گے۔
ایونٹ کو پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PPMA)، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (RCCI)، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SCCI)، پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن (PPA) اور نیوٹراسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (NMAP) کی معاونت حاصل ہے۔
ایکسپو کے ساتھ ایک اہم ریگولیٹری سرگرمی کے طور پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) نے فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر انڈسٹری کے ساتھ خصوصی انٹرایکشن سیشنز کا اعلان کیا ہے۔ ڈریپ کے سی ای او سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری سرکاری مراسلے کے مطابق ان سیشنز کا مقصد ریگولیٹری آگاہی، شفافیت اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بامعنی رابطے کو فروغ دینا ہے۔
ڈریپ کے مطابق ان نشستوں میں صنعت کو اہم ریگولیٹری تقاضوں اور توقعات سے آگاہ کیا جائے گا۔ انڈسٹری نمائندگان کو وضاحت طلب کرنے اور مشترکہ دلچسپی کے امور منظم گفتگو کے ذریعے سامنے لانے کا موقع بھی ملے گا، جبکہ سیشنز کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ ہوگا۔
ریگولیٹری سیشنز میں فارماکوویجیلنس رولز کے تحت فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز کی ذمہ داریاں، رجسٹریشن درخواستوں میں عام خامیاں اور ریگولیٹری توقعات، نیز الٹرنیٹو میڈیسنز اینڈ ہیلتھ پروڈکٹس رولز 2026 کے تحت ریگولیٹری فریم ورک اور صنعت کی تیاری جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔
ڈریپ نے فارماسیوٹیکل، نیوٹراسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر شعبے کی بڑی تنظیموں سے کہا ہے کہ وہ اپنی رکن کمپنیوں اور متعلقہ نمائندوں کو ان سیشنز میں شرکت کی ترغیب دیں اور وسیع تر صنعتی اہمیت کے حامل سوالات اور مسائل پیش کریں۔ اتھارٹی کے مطابق صنعت کے ساتھ مسلسل اور تعمیری رابطہ ریگولیٹری وضاحت، بہتر تعمیل اور ضابطہ جاتی تقاضوں کے مؤثر نفاذ کے لیے ضروری ہے۔
ایکسپو میں نمایاں ریگولیٹری، صنعتی اور کاروباری شخصیات خصوصی مہمانوں کے طور پر شریک ہوں گی۔ ان میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبیداللہ، بائیو لیبز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر، چیئرمین PPMA نارتھ اور صدر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عثمان شوکت، ہربائیوٹکس ہیلتھ کیئر کے سی ای او اور نیوٹراسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی و چیئرمین محمد دانش خان، صدر پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن اور ڈپٹی سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی حکومت پنجاب محمد عالمگیر راؤ، اور صدر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جنید الطاف شامل ہیں۔
توقع ہے کہ دو روزہ ایکسپو فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کو نئی ٹیکنالوجیز سے آگاہی، پیشہ ورانہ و کاروباری روابط کے فروغ، علم و تجربات کے تبادلے اور سرمایہ کاری و تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ مقامی اور غیر ملکی نمائش کنندگان کی شرکت کے ساتھ یہ نمائش پاکستان کی فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر انڈسٹری میں نئی پیش رفت، ریگولیٹری ترجیحات اور کاروبار و سرمایہ کاری کے ابھرتے مواقع کو اجاگر کرے گی۔
