کراچی: ڈیجیٹل خود مختاری اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کی سمت ایک اہم پیش رفت میں ڈیٹا والٹ پاکستان اور گلیکسی ٹیکنالوجی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا مقصد ملک کے اندر مقامی کلاؤڈ صلاحیتوں کو وسعت دینا اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر قائم کرنا ہے۔
معاہدے پر ڈیٹا والٹ پاکستان کے شریک بانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سید ذیشان علی اور گلیکسی ٹیکنالوجی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جہانگیر نے دستخط کیے۔
اس اسٹریٹجک اتحاد کے تحت ڈیٹا والٹ پاکستان جدید ڈیجیٹل حل فراہم کرے گا، جن میں اے آئی ماڈل ایز اے سروس (MaaS)، جی پی یو ایز اے سروس (GPUaaS)، سوورین اور ہائبرڈ کلاؤڈ سلوشنز، اے آئی کے لیے تیار ڈیٹا سینٹر سروسز اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ (HPC) شامل ہیں۔ کمپنی سرکاری اور نجی شعبے میں استعمال کے لیے سائبر سیکیورٹی، کمپلائنس اور مینجڈ مشین لرننگ آپریشنز (MLOps) کی نگرانی بھی کرے گی۔
دوسری جانب گلیکسی ٹیکنالوجی (پرائیویٹ) لمیٹڈ اپنے ملک گیر انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) انفراسٹرکچر، قومی کنیکٹیویٹی سروسز اور نیٹ ورک انٹیگریشن کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر بنیادی نیٹ ورک فریم ورک کو تقویت دے گی۔
معاہدے کی تقریب کے موقع پر دونوں کمپنیوں کے عہدیداروں نے کہا کہ اس مشترکہ اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ اہم ڈیٹا اور جدید مصنوعی ذہانت سے متعلق ورک لوڈز محفوظ انداز میں قومی حدود کے اندر ہی ہوسٹ رہیں۔
کمپنیوں کی قیادت نے مشترکہ مؤقف میں کہا کہ مصنوعی ذہانت کا مستقبل صرف پاکستان میں استعمال نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے پاکستان ہی میں بنایا، چلایا اور ہوسٹ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے تکنیکی خود انحصاری کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
یہ اشتراک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کے سرکاری ادارے اور کاروباری شعبے جدید ڈیٹا پرائیویسی تقاضوں کی پاسداری اور غیر ملکی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر انحصار کم کرنے کے لیے مقامی، محفوظ اور خود مختار کلاؤڈ سلوشنز کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
