اسلام آباد، 05 اگست 2026ء: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی تقریبات، واکس اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق موٹروے پولیس کے افسران نے کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک نکالی گئی ریلی میں بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر افسران نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے ملک بھر کے ٹول پلازوں پر خصوصی بینرز بھی آویزاں کیے گئے، جن کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے پولیس کے ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز سے بھی یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کیے گئے، جن میں کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو نمایاں کیا گیا۔
تقریبات کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور کشمیری عوام کی کامیابی و استقامت کے لیے بھی دعا کی گئی۔
