اسلام آباد: پاکستان نے ناصر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں جمعہ کو کھیلے گئے پاکستان، جنوبی کوریا ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں دوسرے ہاف میں شاندار واپسی کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 3-1 سے شکست دے دی۔
میچ کا پہلا ہاف متوازن رہا، دونوں ٹیموں نے مواقع پیدا کیے تاہم کوئی بھی ٹیم ابتدائی طور پر گول نہ کر سکی۔ جنوبی کوریا نے 30ویں منٹ میں برتری حاصل کی جب سن دن نے فیلڈ گول اسکور کر کے مہمان ٹیم کو وقفے سے قبل 1-0 کی سبقت دلا دی۔
وقفے کے بعد پاکستان نے بھرپور انداز میں جواب دیا۔ عبدالرحمان نے 33ویں منٹ میں عمدہ فیلڈ گول کے ذریعے مقابلہ 1-1 سے برابر کیا، جس کے بعد میچ کا رخ میزبان ٹیم کے حق میں بدلنا شروع ہوا۔
قومی ٹیم کے کپتان ابو بکر محمود نے دو اہم پنالٹی کارنرز کو گول میں تبدیل کر کے پاکستان کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 52ویں منٹ میں گول کر کے پاکستان کو 2-1 کی برتری دلائی، جبکہ میچ کے آخری منٹ میں ایک اور گول داغ کر فتح کو 3-1 سے یقینی بنا دیا۔
دو فیصلہ کن گولز اور نمایاں کارکردگی پر ابو بکر محمود کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی میچ کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کی جانب سے پیش کیے گئے اعلیٰ معیار کے کھیل کو سراہا۔ میچ کے بعد تقریب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے گورنر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی کامیاب واپسی کا خیرمقدم کیا۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاور حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
میچ کی نگرانی فہد علی خان اور اسد عباس نے کی، جبکہ محمد ساجد رضا ریزرو امپائر تھے۔ ہارون رشید نے ویڈیو امپائر کے فرائض انجام دیے۔ عدنان شہزاد اسکورنگ جج، محبوب جاوید ٹائمنگ جج اور حمزہ طفیل ٹیکنیکل آفیشل تھے۔ محمد شفیق ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ، فیض محمد فیضی امپائر منیجر، محمد وقاص شیخ میڈیا کوآرڈینیٹر، عبدالنصیر اخونزادہ پی ایچ ایف کیمپ کوآرڈینیٹر، جبکہ نجیب خٹک چیف کوآرڈینیٹر اور آپریشنز آفیشل کے طور پر ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔ متعدد دیگر پی ایچ ایف حکام بھی میچ کے موقع پر موجود تھے۔
