جہلم مارکنگ سینٹر میں امتحانی پرچوں کی جانچ کا جائزہ، چیئرمین راولپنڈی بورڈ کی شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت

newsdesk
2 Min Read
چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے جہلم میں انٹرمیڈیٹ امتحان 2026 کے مارکنگ سینٹر کا دورہ کیا۔

راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے معیاری، شفاف اور جدید امتحانی نظام کے وژن پر عملدرآمد کے سلسلے میں چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ، جہلم میں قائم انٹرمیڈیٹ پہلا سالانہ امتحان 2026 کے مارکنگ سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔

ترجمان تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے مطابق دورے کے دوران چیئرمین بورڈ نے امتحانی پرچوں کی جانچ کے عمل، معیارِ جانچ، انتظامی نظم و ضبط اور مجموعی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل نے مارکنگ کے انتظامات سے متعلق انہیں بریفنگ دی۔

پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے مارکنگ اسٹاف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر امتحانی پرچے کی جانچ مکمل دیانتداری، غیرجانبداری اور یکساں معیار کے مطابق کی جائے تاکہ ہر امیدوار کو اس کی حقیقی علمی استعداد اور کارکردگی کے مطابق نتیجہ مل سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امتحانی نظام کی ساکھ، عوامی اعتماد اور ادارے کی نیک نامی معیاری اور منصفانہ جانچ سے وابستہ ہے، اس لیے کسی قسم کی غفلت، جانبداری یا قواعد و ضوابط سے انحراف برداشت نہیں کیا جائے گا۔

چیئرمین بورڈ نے تمام ممتحنین کو ہدایت کی کہ وہ بورڈ کی منظور شدہ مارکنگ اسکیم، قواعد و ضوابط اور پیشہ ورانہ اصولوں کی مکمل پابندی کرتے ہوئے ذمہ داری، احتیاط اور دیانت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعلیمی بورڈ راولپنڈی امتحانی نظام کے ہر مرحلے پر معیار، جوابدہی، شفاف طرزِ عمل اور امیدواروں کے جائز حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے نتائج کی ساکھ اور عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

Share This Article