عالمی تجارتی عدالت کی تجویز سرمایہ کاری کے تحفظ کی سمت اہم قدم قرار

newsdesk
2 Min Read
عاطف اکرام شیخ نے انٹرنیشنل کمرشل کورٹ کے قیام کی سفارش کو خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے لا اینڈ جسٹس کمیشن کی جانب سے انٹرنیشنل کمرشل کورٹ کے قیام کی سفارش کو خوش آئند اور تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔

عاطف اکرام شیخ کا کہنا ہے کہ مجوزہ عدالت بین الاقوامی تجارتی تنازعات کے فوری اور مؤثر حل کے لیے قائم کی جائے گی، جو محفوظ سرمایہ کاری کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی تنازعات کا بین الاقوامی معیار کے مطابق حل ہی سرمائے کو تحفظ فراہم کر سکتا ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی کے مطابق کمرشل کورٹ کے قیام سے ثالثی ایوارڈز کے مؤثر نفاذ کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کمرشل کورٹ تجارتی قوانین میں یکسانیت اور پیشگوئی کی صلاحیت کو فروغ دے گی، جس سے کاروباری ماحول میں بہتری آئے گی۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ پاکستان میں عالمی سرمایہ کاری لانے کے لیے ضروری ہے، جبکہ معاہدوں پر بروقت عملدرآمد عالمی سرمایہ کاروں کا بنیادی تقاضا ہے۔ انہوں نے آئینی ترمیم اور متعلقہ قانون سازی جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تجارتی نظام انصاف کو عالمی روایات اور پریکٹس سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ ایف پی سی سی آئی عدالتی اصلاحات اور سرمایہ کاری دوست اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو علاقائی تجارتی اور سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کے لیے مؤثر تجارتی عدالتی نظام ناگزیر ہے۔

Share This Article