پارلیمانی صحافیوں کو پارلیمنٹ ہاؤس کیفیٹیریا میں 20 فیصد رعایت ملے گی

newsdesk
2 Min Read
پارلیمنٹ ہاؤس میں پی آر اے پاکستان، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور کیفیٹیریا انتظامیہ کے نمائندوں نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اسلام آباد: پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) پاکستان کے ممبران کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے کیفیٹیریا میں کھانے پر 20 فیصد رعایت کی سہولت فراہم کرنے کا باضابطہ معاہدہ طے پا گیا۔

معاہدے پر پی آر اے پاکستان، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور کیفیٹیریا انتظامیہ کے درمیان دستخط کیے گئے۔ اس حوالے سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈائریکٹر جنرل میڈیا قومی اسمبلی ظفر سلطان، جوائنٹ سیکرٹری (ایڈمن) جواد عابد، کیفیٹیریا انتظامیہ کے نمائندے مسٹر احتشام اور پی آر اے پاکستان کی کیفیٹیریا کمیٹی کے چیئرمین سہیل خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔

معاہدے کے مطابق پی آر اے پاکستان کے اراکین اپنے پریس کوریج کارڈ کی بنیاد پر ممبرز کیفیٹیریا میں کھانے پر 20 فیصد رعایت حاصل کر سکیں گے۔

تقریب سے خطاب میں پی آر اے پاکستان کے صدر ایم بی سومرو، سیکرٹری نوید اکبر اور کیفیٹیریا کمیٹی کے چیئرمین سہیل خان نے اس فیصلے کو پارلیمانی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے تعاون پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور کیفیٹیریا انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے صحافی دوست اقدام قرار دیا۔

تقریب میں پی آر اے پاکستان کی گورننگ باڈی کے اراکین احمد نواز خان اور آسیہ انصر بھی شریک تھے۔

یہ اعلامیہ جاوید حسین، سیکرٹری انفارمیشن، پی آر اے پاکستان کی جانب سے جاری کیا گیا۔

Share This Article