اسلام آباد، 18 جولائی 2026: وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں آج ایک دستخطی تقریب منعقد ہوئی جس میں نیسلے پاکستان، وفاقی نظامتِ تعلیمات (FDE) اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن (DGSE) کے درمیان دو مفاہمتی خطوط (LoUs) پر دستخط کیے گئے۔ ان مفاہمتوں کا مقصد بچوں میں غذائی آگاہی کو فروغ دینا اور صحت مند طرزِ زندگی کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
تقریب میں وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے سیکریٹری ندیم محبوب، وزارت کے سینئر حکام، نیسلے پاکستان کے ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز اینڈ سسٹین ایبلٹی شیخ وقار احمد، مینیجر کارپوریٹ افیئرز زائرہ احمد اور نیسلے پاکستان ٹیم کے ارکان نے شرکت کی۔
نیسلے فار ہیلتھیئر کڈز اقدام کے تحت یہ شراکت داریاں غذائی شعور، صحت بخش خوراک، پانی کے مناسب استعمال، صفائی ستھرائی، جسمانی سرگرمی اور ذمہ دارانہ ویسٹ مینجمنٹ کے فروغ پر توجہ دیں گی۔ وفاقی نظامتِ تعلیمات کے ساتھ تعاون کے نتیجے میں وفاقی سرکاری اسکولوں کے 300 تک اساتذہ کو تربیت دی جائے گی جبکہ تقریباً 10 ہزار طلبہ اس سے مستفید ہوں گے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن کے ساتھ شراکت داری کے تحت 200 تک فیکلٹی ارکان، تھراپسٹس اور کثیر الشعبہ پیشہ ور افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی، جس سے خصوصی ضروریات کے حامل تقریباً 2 ہزار بچوں تک رسائی ممکن ہوگی۔ اس تعاون میں جامع تعلیمی مواد کی تیاری اور مخصوص ریسورس رومز کا قیام بھی شامل ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری ندیم محبوب نے تعاون کو سراہا اور کہا کہ بچوں کی صحت، فلاح و بہبود اور تعلیمی نتائج میں بہتری کے لیے سرکاری و نجی شراکت داریاں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
نیسلے پاکستان کے ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز شیخ وقار احمد نے کہا کہ یہ شراکت داریاں تعلیم کے ذریعے بچوں کی صحت اور فلاح و بہبود بہتر بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہیں۔ ان کے مطابق سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر اساتذہ کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے، صحت مند انتخاب کی ترغیب دی جا سکتی ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے دیرپا مثبت اثرات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
