بارانی زرعی یونیورسٹی اور ڈی ایچ اے اسلام آباد۔راولپنڈی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور ڈی ایچ اے اسلام آباد۔راولپنڈی کے درمیان باغبانی، پائیدار لینڈ اسکیپنگ، پھلدار باغات کی ترقی اور کمیونٹی سطح پر سرسبز و شاداب ماحول کے فروغ کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ تقریب کا انعقاد بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں کیا گیا جہاں یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان جبکہ ڈی ایچ اے اسلام آباد۔راولپنڈی کی جانب سے بریگیڈیئر (ر) خرم جاوید، سیکریٹری ڈی ایچ اے اسلام آباد۔راولپنڈی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے کہا کہ یہ شراکت داری یونیورسٹی کے اس عزم کی عکاس ہے کہ سائنسی تحقیق اور علمی مہارت کو عملی میدان میں بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کو مؤثر اور دیرپا حل فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت تعلیمی اداروں اور عملی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو پائیدار ماحولیاتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی کی تحقیقی مہارت اور ڈی ایچ اے اسلام آباد۔راولپنڈی کے وسیع کمیونٹی انفراسٹرکچر کو یکجا کرکے جدت، طلبہ کی عملی تربیت، تحقیق اور عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ اس اشتراک سے علم و تجربات کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے اور جدید باغبانی ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی، جس کے ثمرات وسیع تر ہوں گے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت بارانی زرعی یونیورسٹی اور ڈی ایچ اے اسلام آباد۔راولپنڈی مشترکہ طور پر ڈی ایچ اے کے مختلف علاقوں میں پھلدار باغات کے قیام اور لینڈ اسکیپنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔ اس کے علاوہ دونوں ادارے ڈی ایچ اے اسلام آباد۔راولپنڈی میں مشترکہ طور پر فروٹ گالا کا انعقاد بھی کریں گے، جہاں مقامی پھلوں اور زرعی پیداوار کی نمائش کی جائے گی، کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دیا جائے گا اور صحت مند و پائیدار زرعی طرزِ زندگی کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کیا جائے گا۔
