ڈاکٹر عائشہ ایسانی کی زیر قیادت انٹرنیشنل نرسنگ ڈے کی تقریب منعقد

newsdesk
3 Min Read
۱۲ مئی ۲۰۲۶ کو کالج برائے طبی ٹیکنالوجی میں نرسنگ ڈے پر پیشہ وران کے درمیان تعاون، مواصلت اور مریض حفاظت پر زور دیا گیا۔

اسلام آباد: انٹرنیشنل نرسنگ ڈے کے موقع پر کالج آف میڈیکل ٹیکنالوجی (سی ایم ٹی) کے آڈیٹوریم میں “صحت کے شعبے میں پیشہ ور افراد کے درمیان فاصلے کم کرنا” کے عنوان سے ایک معلوماتی اور انٹرایکٹو تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام ڈاکٹر عائشہ ایسانی مجید، ڈین نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز و پرنسپل سی ایم ٹی کی قیادت میں منعقد ہوا۔

تقریب میں پرنسپل اسکول آف نرسنگ، فیکلٹی ممبران، اسکول آف نرسنگ کے طلبہ، کالج آف میڈیکل ٹیکنالوجی کے اساتذہ اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے طلبہ نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد صحت کے شعبے میں مختلف پیشہ ور افراد کے درمیان تعاون، رابطے اور ٹیم ورک کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا تاکہ مریضوں کی نگہداشت اور تحفظ کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

تقریب کا آغاز ڈاکٹر صائمہ احسان، رجسٹرار سی ایم ٹی کی افتتاحی گفتگو سے ہوا، جنہوں نے مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے صحت کے شعبے میں پیشہ ورانہ ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

بعد ازاں ڈاکٹر ماریہ طاہر نے کلینیکل لیڈرشپ کی اہمیت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی سہولیات فراہم کرنے والی ٹیم کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی مریضوں کیلئے بہتر نتائج پیدا کرتی ہے۔

مہمانِ خصوصی میڈم خیر النساء، پرنسپل اسکول آف نرسنگ نے انٹرنیشنل نرسنگ ڈے کے حوالے سے مریضوں کے تحفظ پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ معیاری علاج اور مریضوں کی حفاظت تمام طبی شعبوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس کے بعد ڈاکٹر پیرزو اچکزئی، وائس پرنسپل سی ایم ٹی نے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں مؤثر رابطے اور باہمی تعاون کے کردار پر اظہار خیال کیا۔

اختتامی سیشن میں ڈاکٹر عائشہ ایسانی مجید نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے منتظمین، اساتذہ اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی بہتر نگہداشت کیلئے ڈاکٹرز، نرسز اور ٹیکنیشنز کے درمیان ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے پاکستان میں نرسوں کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے تجویز دی کہ ٹیکنیشنز اور نرسز کیلئے چھ ماہ کے غیر ملکی زبانوں کے ڈپلومہ کورسز متعارف کروائے جائیں تاکہ بیرون ملک روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے فرانسیسی، جرمن، اطالوی اور عربی زبانوں کے کورسز کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر نرسنگ پروفیشنلز کی خدمات اور مریضوں کی دیکھ بھال میں ہیلتھ ورکرز کے کردار پر مبنی مختصر ویڈیوز دکھائی گئیں۔ آخر میں گروپ فوٹو سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈین نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز، پرنسپل اسکول آف نرسنگ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے