کالج آف میڈیکل ٹیکنالوجی پمز میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ بھرپور قومی جذبے سے منائی گئی
اسلام آباد: کالج آف میڈیکل ٹیکنالوجی پمز کی پرنسپل اور ہیڈ آف ریڈیالوجی پروفیسر عائشہ ایسانی مجید کی زیرِ اہتمام معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کی تقریب کالج آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں 600 سے زائد بچوں نے شرکت کی۔ تقریب میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے جذبات نمایاں رہے۔
تقریب کی نظامت وائس پرنسپل پیرزو اچکزئی نے کی جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران سکندر مہمانِ خصوصی تھے۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد آئی ایس پی آر کی ایک خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں گزشتہ سال پیش آنے والے اہم واقعات اور معرکۂ حق کی تفصیلات پیش کی گئیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر عائشہ ایسانی مجید نے افواجِ پاکستان، پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور حکومتِ پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرات، حکمت اور بہترین قیادت کے ذریعے قوم کی کامیابی سے رہنمائی کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج ملک کی سلامتی اور بقا کی ضامن ہیں اور دشمنوں کے نرغے میں گھرے اس خطے میں پاک فوج کی قربانیوں کی بدولت پاکستان ایک مضبوط اور باوقار ریاست کے طور پر دنیا میں پہچانا جاتا ہے۔ انہوں نے فلسطین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں آج بھی لوگ شناخت کی جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ پاکستان اپنی مسلح افواج کی بدولت ایک مضبوط قوت کے طور پر ابھرا ہے۔
پروفیسر عائشہ ایسانی مجید نے شہداء اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔
انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام قائداعظم محمد علی جناحؒ کے تاریخی الفاظ سے کیا:
“دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔”
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں کے ذریعے وطن سے اپنی محبت اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
