صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے یومِ مزدور کے موقع پر کہا کہ ہم شہداءِ شکاگو سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔عاطف اکرام شیخ نے واضح کیا کہ محنت کش طبقہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور یوم مزدور ہمیں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے مزدوروں کے حقوق کی پاسداری اور ان کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے مزدوروں کی تنخواہوں، سماجی تحفظ اور فلاحی سہولیات میں بہتری کے مطالبات کو اجاگر کیا اور کہا کہ بہتر اجرت، محفوظ کام کا ماحول اور جامع سماجی تحفظ مزدوروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ یوم مزدور کے موقع پر یہ نکات خصوصی اہمیت حاصل کرتے ہیں۔عاطف اکرام شیخ نے صنعتی ترقی کے لئے مزدور دوست پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ صنعتی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب ورکرز کو قومی ترقی میں برابر کا حصہ دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف پی سی سی آئی حکومت کے ساتھ مستقل رابطے میں ہے تاکہ مزدوروں کے مسائل کے عملی حل تلاش کیے جائیں۔انہوں نے مہنگائی کے اس دور میں مزدور طبقے کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ایف پی سی سی آئی مزدوروں کے لیے ہنر مند تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ یوم مزدور کے تقاضوں کو عملی طور پر پورا کیا جا سکے۔عاطف اکرام شیخ نے حکومت اور نجی شعبے سے اپیل کی کہ وہ مل کر مزدوروں کے لیے محفوظ اور خوشحال ماحول فراہم کریں کیونکہ مضبوط معیشت کا خواب اسی وقت پورا ہوگا جب مزدور خوشحال اور بااختیار ہوں۔
