راولپنڈی (اشفاق تنولی) سی پی او کا ویژن، ایس پی راول کی حکمت عملی، پولیس نے ایک بار پھر جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ تھانہ صادق آباد کے علاقے میں جاری حالیہ کارروائیوں نے جرائم کی دنیا میں کھلبلی مچا دی، سہولت کاروں کی بے چینی کھل کر سامنے آنے لگی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صادق آباد کے گرد و نواح میں بڑھتی ہوئی عوامی شکایات کے پیشِ نظر ایس پی راول نے فوری اور فیصلہ کن اقدام اٹھاتے ہوئے ایس ایچ او صادق آباد سجاد خان کی سربراہی میں ایک متحرک اور پیشہ ور ٹیم تشکیل دی ہے جس میں اے ایس آئی طارق محمود، اے ایس آئی جنید وقاص اور کانسٹیبل تاجدار جیسے تجربہ کار افسران شامل ہیں، جنہوں نے علاقے میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور اور منظم کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ کئی دیگر عناصر کو حراست میں لے کر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری اس سخت اور بلا امتیاز کارروائی نے نہ صرف جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو ہلا کر رکھ دیا ہے بلکہ ان کے سہولت کاروں کے لیے بھی زمین تنگ کر دی ہے۔ دوسری جانب مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ سہولت کار پولیس کی کارروائیوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ سیاسی اثر و رسوخ، سفارش اور مبینہ لین دین کے ذریعے قانون کی گرفت سے بچنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم پولیس حکام اپنے عزم پر قائم ہیں اور کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم دکھائی دیتے ہیں۔ اہلِ علاقہ نے پولیس کی ان جراتمندانہ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مزید سخت اور فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھا جا سکے اور علاقے کو جرائم پیشہ افراد سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ راولپنڈی پولیس کی یہ حالیہ مہم نہ صرف قانون کی بالادستی کی ایک روشن مثال ہے بلکہ یہ اس عزم کا عملی اظہار بھی ہے کہ معاشرے کو ہر قسم کی برائی سے پاک کرنے کے لیے ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔
