اسلام آباد: حکومتِ پاکستان، وزارتِ اطلاعات و نشریات کے پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری نے اسلام آباد میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر منعقدہ چار ملکی اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات پاکستان کے مثبت اور فعال سفارتی کردار کا مظہر ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اہم علاقائی ممالک کے وزرائے خارجہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا عالمی برادری کے پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثر سفارتی روابط پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان خطے میں امن، تحمل اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطے خطے میں پائیدار استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام اور علاقائی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور سہولت کار کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔
