اسلام آباد .وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے اسلام آباد میں اسکول سے باہر بچوں کے داخلے کے لیے جاری "کارپٹ کوریج” مہم کے ابتدائی نتائج موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں۔چند ایام کے فیلڈ ورک کے بعد وفاقی دارالحکومت کی مختلف یونین کونسلز میں اب تک مجموعی طور پر 3,646 ایسے بچوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔
نان فارمل ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (این ایف ای ایم آئی ایس) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق سکولوں سے باہر شناخت کیے گئے بچوں میں لڑکوں کی تعداد 1,862 (51%) جبکہ لڑکیوں کی تعداد 1,784 (49%) ہے۔ یہ بچے "نشاندہی شدہ مگر تاحال غیر داخل شدہ” کیٹیگری میں شامل ہیں، جنہیں جلد از جلد تعلیمی دھارے میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مختلف اداروں کی جانب سے گھر گھر سروے اور نشاندہی کی مہم کے دوران این سی ایچ ڈی نے
2,877 بچوں ،جے جے ٹی نے
433 بچوں، این ای ایف نے
157 بچوں، بی سی سی ایس نے
85 بچوں، مسلم ہینڈز نے78 بچوں، سن بیمز نے37 بچوں کی شناخت کی۔
وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب کے مطابق، یہ پیش رفت اس 3 سالہ رولنگ پلان کا حصہ ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں 25,000 بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری پہلی ترجیح ہے کہ فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے تعلیمی اداروں میں ان بچوں کا داخلہ کریں اور جہاں سرکاری سکول نہیں وہاں کمیونٹی سکولز میں ان بچوں کو لیکر جائیں۔ اس مقصد کے لیے ہم غیر سرکاری شراکتی اداروں اور پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔
