پاکستان فری لانسنگ کو مضبوط بنانے کے لیے معاہدہ

newsdesk
3 Min Read
کراچی میں پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن اور ایس آئی گلوبل نے معاہدہ کیا، تربیت اور مینٹورشپ کے ذریعے فری لانسنگ کو فروغ دیا جائے گا

کراچی: پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن اور ایس آئی گلوبل سلوشنز نے پاکستان کے تیزی سے فروغ پاتے فری لانسنگ شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔

مفاہمتی یادداشت پر پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ابراہیم امین اور ایس آئی گلوبل سلوشنز کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر نعمان اے سعید نے کراچی میں دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ اقدامات کے ذریعے تربیتی ورکشاپس، رہنمائی پروگرامز، صنعتی روابط اور آگاہی مہمات کا انعقاد کریں گے تاکہ فری لانسنگ کو ایک مؤثر اور پائیدار پیشے کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔

اس موقع پر ابراہیم امین نے کہا کہ پاکستان میں بالخصوص نوجوانوں کے اندر بے پناہ صلاحیت موجود ہے، تاہم اس صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے منظم معاونت اور صلاحیت سازی کے اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کمپنیوں کا کردار مہارتوں کے خلا کو پُر کرنے اور فری لانسرز کو عالمی سطح پر کامیابی کے لیے درکار وسائل فراہم کرنے میں اہم ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی فری لانسرز کی معیشت میں شراکت مسلسل بڑھ رہی ہے اور رواں مالی سال کے پہلے نصف میں فری لانسرز نے 50 کروڑ ڈالر سے زائد زرمبادلہ کمایا، جو مالی سال کے اختتام تک ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔

ایس آئی گلوبل سلوشنز کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر نعمان اے سعید نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور درست سمت فراہم کرنے کے لیے مہارتوں کی ترقی اور انسانی وسائل کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں نجی شعبے کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کے پاس فری لانسرز اور طلبہ کے لیے تربیتی یونٹ موجود ہے جہاں انہیں عملی تجربے کے ساتھ کاروباری حکمت عملیوں کی تربیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے ساتھ اشتراک کے ذریعے نوجوانوں کو عالمی ڈیجیٹل منڈیوں تک رسائی اور مسابقتی مہارتیں فراہم کرنے کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

اس اشتراک کے تحت دونوں ادارے تربیتی پروگرامز، معلومات کے تبادلے کے پلیٹ فارمز اور ایسے اقدامات پر کام کریں گے جن کے ذریعے فری لانسرز کو عالمی سطح پر مقابلے کے لیے ضروری مہارتیں اور وسائل فراہم کیے جا سکیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں فری لانسرز کی تعداد تقریباً 23 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ چکی ہے اور اس میں ہر سال اضافہ متوقع ہے۔ عالمی سطح پر نمایاں فری لانسنگ ممالک میں شامل ہونے کے باعث آئی ٹی کمپنیوں سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے اور پاکستان کو ہنر مند فری لانسرز کے مرکز کے طور پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے