عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کی شفاف اور بروقت نیلامی سے ملکی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنیاد ملے گی اور انفارمیشن سیکٹر میں جدت کا راستہ کھلے گا۔ان کا مؤقف تھا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی انٹرنیٹ کی رفتار بڑھانے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں نئی تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو جنم دے گی۔ اس سے اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کے شعبے میں نئے حل سامنے آئیں گے اور آن لائن تجارت، آزاد پیشہ ورانہ خدمات اور برآمدات کے مواقع میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوگا۔عاطف اکرام شیخ نے نشاندہی کی کہ اس ٹیکنالوجی کی موثر فراہمی کیلئے ملک بھر میں ٹاورز اور جدید انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے اور اس کیلئے حکومتی منصوبہ بندی وقت کی اہمیت ہے۔ انہوں نے حکومت اور ریگولیٹری اداروں سے کہا کہ پالیسی اور ریگولیٹری فریم ورک کو کاروباری ماحول کے موافق بنایا جائے تاکہ ٹیلی کام کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی آمدہ سالوں میں صنعتی پیداوار، ذہین شہروں کی ترقی، الیکٹرانک بینکاری اور آئی ٹی برآمدات میں مدد دے سکتی ہے اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔ ملک میں مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے مجموعی معیشت کو طویل المدتی فوائد ملیں گے، اس لیے جامع حکمت عملی اور مربوط اقدام ضروری ہیں۔
