اقوامِ متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی پروگرام میں شمولیت بارانی یونیورسٹی کے لیے اعزاز اور بڑی کامیابی ہے۔ وائس چانسلر بارانی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان
پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی یونیورسٹیز پارٹنرشپ پروگرام میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ یہ پروگرام اقوامِ متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے ماحولیاتی تبدیلی کا ایک نمایاں عالمی اقدام ہے، جس کا مقصد جامعات اور اقوامِ متحدہ کے مابین اشتراکِ عمل کو فروغ دینا ہے تاکہ تحقیق، تعلیم اور جدت کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کے عالمی مسائل کا مقابلہ کرتے ہوئے مناسب حل تلاش کیے جا سکیں۔
اس شراکت داری کے تحت بارانی زرعی یونیورسٹی کے طلباء کا ایک گروپ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات، موافقتی حکمتِ عملیوں اور پائیدار حل پر مبنی تحقیقی منصوبے پر کام کرے گا، جو پاکستان اور خطے کے مسائل سے مطابقت رکھتا ہے۔ یہ پروگرام طلباء کو حقیقی ماحولیاتی ترجیحات پر تحقیق کرنے کے ساتھ ساتھ تکنیکی، تجزیاتی اور پالیسی سے متعلق تحقیقاتی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے اس عالمی شراکت داری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی یونیورسٹیز پارٹنرشپ پروگرام میں بارانی یونیورسٹی کی شمولیت ہمارے پائیدار ماحولیاتی تحقیق کے عزم میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ اشتراک ہمارے طلباء اور اساتذہ کو نہ صرف عالمی ماحولیاتی عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ مقامی ماحولیاتی مسائل کے حل میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ بارانی یونیورسٹی تعلیمی معیار، جدت اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ایک پائیدار اور ماحولیاتی لحاظ سے مضبوط مستقبل کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے مزید کہا کہ عالمی سطح کے ایسے پروگراموں میں شمولیت پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاس ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بارانی یونیورسٹی ماحولیاتی استحکام اور آب و ہوا سے ہم آہنگ زراعت کے فروغ کے لیے تحقیقی اور عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
