ڈاکٹر شائستہ خان جدون اور آسیہ ناز تنولی کی بنوں حملے کی شدید مذمت

newsdesk
3 Min Read
ڈاکٹر شائستہ خان جادون اور آسیہ ناز تنولی نے بنوں میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا

اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شائستہ خان جدون اور رکن قومی اسمبلی آسیہ ناز تنولی نے بنوں میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی قرار دیا ہے۔

سرکاری تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ تاہم وطن کے دفاع میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز (عمر 43 سال) ضلع مانسہرہ کے رہائشی اور سپاہی کرامت شاہ (عمر 28 سال) ضلع پشاور کے رہائشی جامِ شہادت نوش کر گئے۔

ڈاکٹر شائستہ خان جدون اور آسیہ ناز تنولی نے شہداء کی بے مثال جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہیں۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اراکینِ قومی اسمبلی نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور فیصلہ کن کارروائی، جس میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا اور بڑے نقصان سے بچا لیا گیا، اس بات کا ثبوت ہے کہ افواجِ پاکستان ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے خلاف سرگرم دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری عزمِ استحکام کی کارروائیوں کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مکمل امن و استحکام کی بحالی تک یہ جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کی خودمختاری کے تحفظ اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے