وزارتِ مذہبی امور میں منعقدہ انتظامی کونسل کے آٹھویں اجلاس میں کارتارپور کورڈور کے حالیہ سیلابی نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹریِ مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کی اور پنجاب کے وزیر برائے اقلیت امور سردار رمیش سنگھ ارورا پاکستان سکھ گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان کی حیثیت سے شریک ہوئے۔اجلاس میں وزارتِ داخلہ، وزارتِ خارجہ، وزارتِ خزانہ، وزارتِ دفاع، وزارتِ قانون و انصاف اور وزارتِ اطلاعات و نشریات کے نمائندوں کے ساتھ منصوبہ بندی کمیشن، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور محکمہ داخلہ پنجاب کے عہدیداروں نے حصہ لیا۔ شرکاء نے کارتارپور کورڈور کے مختلف حصوں میں درکار مرمت اور بحالی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے کارتارپور کورڈور کو انسانیت دوست اقدار اور بین المذاہب ہم آہنگی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت زائرینِ سکھ یاتریوں کے لیے بہترین سہولیات کے فراہمی کے عزم پر قائم ہے۔ اس موقع پر سردار رمیش سنگھ ارورا نے صوبائی و وفاقی حکومتوں کی طرف سے یاتریوں کو گرمجوشی اور آسان خدمات فراہم کرنے کی کوششوں کو تسلیم کیا۔کونسل نے بھارت کی آبی جارحیت کے باعث کارڈور کے بعض حصوں میں آنے والے سیلابی نقصانات کا ازسرِ نو معائنہ کیا اور طے پایا کہ متاثرہ حصوں کی مرمت و بحالی کو فوری ترجیح دی جائے گی۔ شرکاء نے مرمت کے عمل میں تیزی لانے اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات تجویز کیے۔کارتارپور کورڈور کی بحالی کے حوالے سے کونسل نے دو ہفتوں کے اندر دوبارہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا تاکہ پیش رفت کا جائزہ لیا جائے اور مرمت کا کام بروقت مکمل کروانے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ کارتارپور کورڈور کی فوری مرمت سے زائرین کے بہتر انتظامات بحال ہونے کی توقع ہے اور متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر تعاون جاری رکھیں گے۔
