پسند کی شادی پر خونی حملہ، نوجوان شوہر سرِعام فائرنگ سے شدید زخمی، اہلیہ کا رشتہ داروں پر الزام
راولپنڈی: پسند کی شادی کرنے والے نوجوان جوڑے پر راولپنڈی کی ایک مصروف آبادی میں سرِعام فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں شوہر شدید زخمی ہو گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مضروب کی شناخت سید مبین حسین کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنی اہلیہ ایمان کے ہمراہ گھر سے باہر نکلے تھے کہ اسی دوران مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سید مبین حسین کو جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی گر پڑے۔
مضروب کو فوری طور پر بینظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ تشویشناک حالت میں زیرِ علاج ہے۔ پایف آئی آر کے مطابق واقعے کے وقت مضروب کی اہلیہ ایمان بھی ساتھ موجود تھیں، جو خوش قسمتی سے محفوظ رہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مضروب نے حالتِ مضروبی میں بیان قلمبند کروایا، جس میں اس نے مرکزی ملزم کے طور پر اپنے قریبی رشتہ دار راجہ تیمور عباسی کو نامزد کیا ہے، جبکہ ایک نامعلوم ساتھی بھی اس کے ہمراہ تھا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم نے پسٹل سے نیت قتل فائرنگ کی، جس کی وجہ پسند کی شادی پر پیدا ہونے والی رنجش بتائی گئی ہے۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ صادق آباد، راولپنڈی میں اقدامِ قتل اور مشترکہ نیت کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل لیگل رپورٹ کے مطابق مضروب کو پسلیوں، کولہے اور پنڈلی پر آتشیں اسلحے کے زخم آئے ہیں۔
دوسری جانب ایمان نے الزام عائد کیا ہے کہ اگر انہیں یا ان کے شوہر کو کوئی مزید نقصان پہنچا تو اس کی تمام تر ذمہ داری ان کے قریبی رشتہ داروں پر عائد ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں مسلسل دھمکیوں کا سامنا ہے اور وہ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
ایمان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لے کر ملزمان کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
دریں اثنا، تفتیشی افسر سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم ان کا موبائل فون بند ملا
