ایرانی سپریم لیڈر کے خلاف الزامات بے بنیاد اور دشمن کی ناکامی چھپانے کی کوشش ہیں: ایرانی سفیر
اسلام آباد: ایران کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کے خلاف گردش کرنے والے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں دشمن کی من گھڑت اور جھوٹی پروپیگنڈا مہم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر قابلِ نفرت دشمن کے پروپیگنڈا نیٹ ورک کو فعال کیا گیا ہے، جو جعلی خبروں اور مضحکہ خیز دعوؤں کے ذریعے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایرانی سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ ان الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور یہ دراصل دشمن کی اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ایک بھونڈی کوشش ہے، جو 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی افواج اور کمانڈرز کے سامنے میدانِ جنگ میں کچھ حاصل نہ کر سکا۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایرانی سپاہیوں اور کمانڈرز نے اپنی مقدس سرزمین پر جرات و بہادری کے ساتھ دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کیا، قوم کا دفاع کیا اور وطن پر قربان ہو کر شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔ ان شہداء کو ایران کی سرزمین میں سپردِ خاک کیا گیا جو قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے دانا، باہمت اور ثابت قدم رہنما اسلامی جمہوریہ ایران کے مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں، جو قوم، سیکورٹی اداروں اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر سازش کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو رہے ہیں۔
ایرانی سفیر نے پاکستان کے میڈیا اداروں اور صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ ڈیجیٹل دہشت گردی، غلط معلومات اور غیر اخلاقی رویوں سے آلودہ ماحول میں مستند اور قابلِ تصدیق ذرائع پر انحصار کریں اور خبر کی اشاعت سے قبل مکمل تحقیق کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت ہی پاکستانی میڈیا کے وقار، ساکھ اور اعلیٰ مقام کو برقرار رکھنے کی ضمانت ہے، اور یہی پیشہ ورانہ طرزِ عمل دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط کرے گا۔
