اسلام آباد میں یومِ قائد اعظم، میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ اور کرسمس کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے رابطہ فرد اور سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان علی شاہ نقوی نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کی ترقی اور خودمختاری کے لیے اہم اقدامات زیرِ عمل ہیں۔سید ذیشان علی شاہ نقوی نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اور اس سال اس مقصد کے لیے ایک سو پچھتر ارب روپے کا خطیر بجٹ مخصوص کیا گیا ہے۔ ان کے بقول یہ فنڈ نوجوانوں کے ہنر، روزگار اور کاروبار کی حوصلہ افزائی کے لیے استعمال ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں جن کی حد پانچ لاکھ سے پچہتر لاکھ روپے تک ہے جو نئے کاروبار، تربیت اور خود روزگاری کے مواقع پیدا کریں گے۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ اسکیم، مہارت سازی پروگرام اور مصنوعی ذہانت کے پروگرام نوجوانوں کو خودمختار بنا رہے ہیں۔لیپ ٹاپس کی تقسیم ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے مکمل طور پر میرٹ کے اصول پر کی جا رہی ہے اور اس اسکیم میں کسی قسم کی سیاسی تشہیر یا ذاتی نام شامل نہیں کیا گیا۔ نقوی نے کہا کہ ایک لیپ ٹاپ نے ہزاروں نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے اور اپنے خاندان کا سہارا بننے میں عملی طور پر مدد دی ہے۔مہارت سازی پروگراموں کے ذریعے لاکھوں نوجوان بیرونِ ملک روزگار حاصل کر چکے ہیں اور اسی لڑی کو مضبوط کرنے کے لیے مزید پروگرامز چلائے جا رہے ہیں۔ سید ذیشان علی شاہ نقوی نے واضح کیا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام پاکستان کے مستقبل کی مضبوط بنیاد بن چکا ہے اور نوجوان ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم کا پیغام دیتا ہے اور اسی جذبے کے تحت تمام کمیونٹیز کو ساتھ لے کر چلنا ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ کرسمس پر مسیحی برادری کو امن، محبت اور خوشیوں کی مبارکباد پیش کی گئی۔سید ذیشان علی شاہ نقوی نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ترقی اور استحکام کی نئی سمت اختیار کی ہے اور ہم ان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ نفرت اور بدتمیزی کی سیاست نے معاشرے کو نقصان پہنچایا ہے اور اس رجحان کو مسترد کرنا ہوگا۔ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں بہتر حکمرانی اور قانون کی عملداری مضبوط ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور یہ منصوبے نوجوانوں سمیت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہیں۔ سید ذیشان علی شاہ نقوی نے اعلان کیا کہ خدمت کا سفر جاری رہے گا اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوان ہر شعبے میں خود مختار بنیں گے۔
