راولپنڈی: مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی کے ناظم ابو ہریرہ عباسی نے کہا ہے کہ سیرتِ نبوی ﷺ ہمارے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے اور نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ سیرتِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔
ابو ہریرہ عباسی نے اپنے بیان میں کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ انسانیت کے لیے ہدایت، محبت، اخوت اور کردار سازی کا کامل نمونہ ہے۔ ان کے مطابق موجودہ دور میں نوجوانوں کو سیرتِ رسول اکرم ﷺ سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ مبارکہ صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے عدل و انصاف، برداشت، اخوت، امانت، دیانت اور انسانیت سے محبت کا درس دیا۔ فروغِ سیرت کے ذریعے نوجوانوں میں محبتِ رسول ﷺ، دینی شعور اور مثبت کردار کو پروان چڑھایا جا سکتا ہے۔
ابو ہریرہ عباسی کا کہنا تھا کہ طلبہ معاشرے کا اہم طبقہ ہیں، اس لیے ان کی فکری و اخلاقی تربیت اور انہیں سیرتِ نبوی ﷺ کے عملی پیغام سے روشناس کرانا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی نوجوان نسل میں سیرتِ رسول ﷺ کے پیغام کو عام کرنے، طلبہ کی فکری تربیت اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
ابو ہریرہ عباسی نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ سیرتِ رسول ﷺ کو صرف تقریبات اور محافل تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اسوۂ حسنہ کو عملی طور پر اپنانے کی کوشش کی جائے گی۔
بیان کے مطابق مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی کے زیرِ اہتمام فروغِ سیرت کے لیے مختلف تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ یہ بیان ناظمِ اطلاعات ایم ایس او راولپنڈی طیب عباسی کی جانب سے جاری کیا گیا۔
