اسلام آباد میں وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے تحت چلنے والے ری ہیبیلیٹیشن سینٹر فار چلڈرن ود ڈیولپمنٹل ڈس آرڈرز (آر سی سی ڈی ڈی) کا دورہ سرکاری حکام نے کیا۔ اس دورے کا مقصد خصوصی بچوں کی تعلیم اور بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینا اور مزید بہتری کے لیے جاری منصوبوں کا معائنہ کرنا تھا۔
اس موقع پر پلاننگ، ڈیولپمنٹ اینڈ اسپیشل انیشی ایٹوز کے سیکریٹری اویس منظور سمرا اور فنانس ڈویژن کی اسپیشل سیکریٹری نشیطہ مریم محسن نے ری ہیبیلیٹیشن سینٹر میں مجوزہ نئے آٹزم سینٹر کی سائٹ کا دورہ کیا۔ حکام نے حال ہی میں قائم کی گئی اسپیچ تھراپی، سنسری روم اور سافٹ رومز کے افتتاح کے علاوہ خصوصی بچوں کے لیے بنائے گئے کلاس روم سرگرمیوں کا مشاہدہ بھی کیا۔ بعد ازاں انہیں آٹزم سینٹر کے لیے منظور شدہ پی سی-ون اور اسلام آباد میں خصوصی بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے تیار کیے جانے والے منصوبہ جاتی روڈمیپ پر بریفنگ دی گئی۔
حکام کو بتایا گیا کہ اس روڈمیپ کے کلیدی نکات میں بحالی کی خدمات میں اضافہ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ماہرین کی بھرتی شامل ہے۔ دونوں اعلیٰ عہدیداروں نے وزارت کی خصوصی تعلیم کے شعبے میں جاری کوششوں کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ بچوں کی شمولیتی تعلیم اور خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے لیے جدید سہولیات فراہم کرنے میں ہر ممکن معاونت جاری رکھی جائے گی۔
